سرینگر//
کشمیر کے کئی وفود نے منگل کی شام کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی جن میں اپنی پارٹی کے صدر ‘الطاف بخاری بھی شامل ہیں ۔
شاہ منگل کی شام جموں سے وادی پہنچ گئے جہاں وہ بدھ کو بارہمولہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرنے والے ہیں ۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کاکہنا ہے کہ کم از کم۱۹ وفود وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کیلئے راج بھون پہنچ گئے‘ جہاں انہوں نے مختلف شعبوں سے متعلق کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایجنسی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وفود میں سیاستدان، ٹریڈ یونین لیڈر، سماجی کارکن، پھل کاشتکار، سیاحتی انجمنیں اور کئی دیگر شامل ہیں۔
اس دوران سید الطاف بخاری کی قیادت میں اپنی پارٹی کے ایک وفد نے بھی وزیر داخلہ سے ملاقات کی ۔
اس سے پہلے مرکزی وزیر داخلہ منگل کی شام کو سرینگر پہنچ گئے جہاں ائر پورٹ پر پولیس، سیول انتظامیہ اور بھاجپا لیڈران نے اُن کا استقبال کیا۔
وزیر داخلہ کے سرینگر دورے کے پیش نظر وادی بھر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ منگل کی شام کو سرینگر کے ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں سیول و سیکورٹی عہدیداروں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
وزیر داخلہ ہوائی اڈے سے سیدھے راج بھون کی طرف روانہ ہوئے جہاں پر انہوں نے سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر کشمیر میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔
حکام نے کشمیر صوبے کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ شہر کے سیول لائنز علاقوں میں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ بلوارڈ، گپکار شاہراہوں کو کانٹے دار تار سے سیل کیا گیا اور کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔