ڈھاکہ//جمائما روڈریگس (76) اور کپتان ہرمن پریت کور (33) کے ساتھ 92 رنز کی مفید شراکت کی بدولت ہندوستانی خواتین نے ہفتہ کو اے سی سی ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ میں سری لنکا کو 41 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ مہم کا آغاز کیا۔
سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے ہندوستان نے 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 150 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 109 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ انڈیا کے روڈریگس اور ہرمن پریت نے پاور پلے کے بعد 10 اوورز میں 83 رنز بنائے۔ ہرمن کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کی چار وکٹیں صرف 35 رنز کا اضافہ کر کے گر گئیں۔
جمائما نے اپنی نصف سنچری میں 53 گیندوں میں 11 چوکے اور ایک چھکا لگا کر اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ وہ میتھالی راج کے بعد ویمن ایشیا کپ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی دوسری ہندوستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل میتھالی نے 2018 میں ملائیشیا کے خلاف 97 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔ دوسرے سرے پر ہرمن نے 30 گیندوں پر 33 رنز بنائے اور سری لنکا کی جانب سے اوشادی رانا سنگھے نے 32 رنز کے عوض تین ہندوستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ چماری اتاپتو اور سوگنڈیکا کماری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
چیلنجنگ اسکور بنانے کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے سری لنکن کیمپ کو شروع سے ہی دباؤ میں ڈال دیا جس سے سری لنکن کھلاڑی آخر تک سنبھل نہ سکے۔ سری لنکا کی خواتین ٹیم نے دیالن ہیمالتھا (15 رنز دے کر 3)، پوجا وستراکر (12 رنز دے کر 2) اور دیپتی شرما (15 رنز دے کر 2) کی تیز گیند بازی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ جس سے ہندوستان کی جیت آسان ہوگئی۔