سرینگر//
سرینگر کے نوگام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین جاری تصادم میں حال ہی میں جنگجوؤں کی صفوں میں شامل ہو ئے دو مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’سرینگر کے نوگام علاقے میں انکاونٹر شروع ہوا‘‘۔
پولیس نے کہا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ۵۰آر آر اور ایس او جی کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی شام سری نگر کے نوگام علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا۔انہوں نے کہاکہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں پر چھپے جنگجووں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
پولیس کے مطابق تصادم کے دوران دو جنگجو مارے گئے جن کی شناخت اے جی ایچ کے اعجاز رسول نجار ساکنہ کریم آباد پلوامہ اور شاہد احمد غنی ساکنہ مالپورہ بڈگام کے طور ہوئی ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ دونوں حال ہی میں جنگجوؤں کی صفوں میں شامل ہوئے تھے ۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔
اس دوران جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں بدھ کی شام مشتبہ جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ حملہ کردیا تاہم اس حملے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ترال میں بدھ کی شام مشتبہ جنگجووں نے سی آر پی ایف بینکر پر گرینیڈ داغاجو نشانہ چوک جانے کے نتیجے میں شاہراہ پر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔
ذرائع نے کہاکہ اس حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آورں کی تلاش شروع کر دی ہے۔