نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی ۱۰ستمبر کو صبح ساڈھے دس بجے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دو روزہ ’سینٹر اسٹیٹ سائنس کانکلیو‘کا افتتاح کریں گے ۔
یہ کانفرنس احمد آباد کے سائنس سٹی میں منعقد کی جا رہی ہے ۔
وزیر اعظم کی جانب سے ملک میں اختراع‘ جدت طرازی اور صنعت کاری میں سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے کی جانے والی انتھک کوششوں کے عین مطابق، اپنی نوعیت کے اس اولین اجلاس کی بدولت، تعاون پر مبنی وفاقیت کے جذبے کے تحت، مرکز،ریاست تال میل اور اشتراک مستحکم بنے گا، جس سے کہ ملک بھر میں سائنس اور ٹکنالوجی نیز اختراع (ایس ٹی آئی) کا ایک مضبوط ایکو سسٹم وضع کیا جاسکے گا۔
اس اجلاس میں مختلف موضوعاتی شعبوں کے بارے میں نشستیں بھی منعقد ہوگی۔ ان موضوعاتی شعبوں میں سائنس اور ٹکنالوجی نیز جدت طرازی ایس ٹی آئی وژن ۲۰۴۷ریاستوں میں ایس ٹی آئی کیلئے مستقبل میں ترقی کی راہیں اور وژن، صحت، سبھی کیلئے ڈیجیٹل حفظان صحت، سال۲۰۳۰تک تحقیق وترقی کے شعبے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو دوگنا کرنا ، زراعت، کسانوں کی آمدنی کو بہتر بنانے کے لئے ٹکنالوجی سے متعلق اقدامات، پانی، پینے کے قابل پانی تیار کرنے کی غرض سے اختراعات، توانائی، ہائیڈروجن مشن میں ایس اینڈ ٹی کے کردار سمیت سبھی کے لئے آلودگی سے پاک صاف ستھری توانائی، گہرے سمندر سے متعلق مشن اور ملک کے مستقبل کی معیشت کے ساتھ ساتھ ساحلی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کیلئے اس کی افادیت۔
اپنی نوعیت کے اس اولین اجلاس میں گجرات کے وزیر اعلیٰ، سائنس اور ٹکنالوجی (ایس اینڈ ٹی) کے مرکزی وزیر مملکت، ریاستوں او رمرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سائنس اور ٹکنالوجی کے وزرا اور سکریٹری صاحبان، صنعت کے ممتاز سرکردہ افراد، صنعت کار، غیر سرکاری تنظیمیں، نوجوان سائنس داں اور طلبا شرکت کریں گے ۔