(ایجنسیاں )
نئی دہلی؍۲۶ نومبر
دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو کہا کہ وہ بارہمولہ کے رکن پارلیمان عبدالراشد شیخ عرف انجینئر رشید کی دہشت گردی کی فنڈنگ کے ایک معاملے میں ضمانت کی درخواست پر۸ دسمبر کو اپنا فیصلہ سنائے گی۔
جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ اور جسٹس وکاس مہاجن پر مشتمل بنچ کو جمعرات کو اپنا فیصلہ سنانا تھا، تاہم اس نے سپریم کورٹ کی جانب سے اسی معاملے میں ایک شریک ملزم کو ضمانت دینے کے حکم کا جائزہ لینے کے لیے فیصلہ۸ دسمبر تک ملتوی کر دیا۔
بنچ نے کہا، ’’آج اس معاملے کو فیصلہ سنانے کے لیے فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم، کل اپیل کنندہ (رشید) کے وکیل نے عدالت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ سپریم کورٹ نے نعیم محمد خان بنام این آئی اے مقدمے میں ضمانت منظور کی ہے۔‘‘
بنچ نے مزید کہا، ’’نعیم محمد خان اسی معاملے میں شریک ملزم ہیں۔ یہ عدالت سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لینا چاہتی ہے۔ لہٰذا اس معاملے کو۸ دسمبر کو فیصلہ سنانے کے لیے فہرست میں شامل کیا جائے۔‘‘
ہائی کورٹ نے اس سے قبل۳ نومبر کو انجینئر رشید کی ضمانت کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔
انجینئر رشید نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (یو اے پی اے) کی دفعات کے تحت درج دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت طلب کی ہے۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ان کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے استغاثہ کے بعض گواہوں کو متاثر کیا ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی نے مؤقف اختیار کیا کہ استغاثہ کے دو گواہ، جو محفوظ گواہ بھی ہیں، اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہو چکے ہیں۔
رشید کو اس سے قبل اپنے والد کے انتقال سے متعلق رسومات میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت دی گئی تھی۔ان پر جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندوں اور دہشت گرد تنظیموں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔
انجینئر رشید۲۰۱۹ سے دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں، جہاں انہیں این آئی اے نے۲۰۱۷کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔
اکتوبر۲۰۱۹ میں ان کا نام فردِ جرم میں شامل کیے جانے کے بعد، این آئی اے کی خصوصی عدالت نے مارچ۲۰۲۲ میں رشید اور دیگر ملزمان کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعات۱۲۰بی (مجرمانہ سازش)‘۱۲۱ (حکومت کے خلاف جنگ چھیڑنا) اور۱۲۴؍ اے (غداری) کے علاوہ سخت گیر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کی متعلقہ دفعات کے تحت الزامات عائد کیے تھے۔










