جوہانسبرگ، 17 نومبر (یو این آئی) جنوبی افریقہ میں اتوار کی رات فائرنگ کے پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں 17 افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق، یہ دونوں واقعات آپس میں جڑے ہوئے نہیں ہیں اور قتل کے پیچھے کارفرما مقاصد کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ملک میں بڑھتے ہوئے پرتشدد جرائم اور گینگسٹرز کے تشدد کے درمیان پولیس حملہ آوروں کی تلاش میں سرگرم عمل ہے۔
بی بی سی کے مطابق، پہلا واقعہ کوازولو-نتال صوبے میں پیٹرماریٹزبرگ شہر کے باہر پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے ایک منی بس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کو موقع پر گاڑی کے اندر گولیوں سے چھلنی آٹھ افراد کی لاشیں ملیں۔ پولیس ترجمان رابرٹ نیٹشیونڈا نے بتایا کہ واقعے کی وجوہات اور مشتبہ افراد کی شناخت کا پتہ لگانے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ملزمان کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسرا واقعہ اس کے چند گھنٹوں بعد پریٹوریا کے مغرب میں اٹیریگ ویلے کی جیس ویلے غیر منصوبہ بند بستی میں پیش آیا۔ یہاں چار کمروں کی ایک جھونپڑی کے اندر چھ مردوں اور تین خواتین کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ واردات اتوار کی رات 10 سے 11 بجے کے درمیان پیش آئی۔
گولی چلنے کی آواز کو مقامی لوگوں نے ابتدا میں آسمانی بجلی کڑکنے کی آواز سمجھ لیا تھا۔ گوتینگ صوبے کی پولیس کمشنر نے مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے کرائم انٹیلی جنس اور ٹریکنگ ٹیموں کو تعینات کر دیا ہے۔








