اجلاس۲۰ سے۲۲نومبر تک نئی دہلی کے تاریخی پرانا قلعہ میں ہو گا /امید ہے پاکستان بھی شرکت کی تصدیق کرے گا:شیخاوت
(ایجنسیاں )
نئی دہلی؍۱۳ نومبر
چین، قازقستان، ایران، تاجکستان اور ازبکستان سمیت۱۵ ممالک نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے آئندہ تہذیبی مکالمے فورم میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے، جس کی میزبانی بھارت۲۰ سے۲۲ نومبر تک نئی دہلی کے تاریخی پرانا قلعہ میں کرے گا۔
مرکزی وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت نے جمعہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان بھی فورم میں شرکت کی تصدیق کرے گا۔
بھارت منڈپم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخاوت نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان بھی اس فورم میں شرکت کرے گا اور اپنی شمولیت کی تصدیق کرے گا۔
وزیر کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی۲۰ نومبر کو افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، جبکہ۲۱؍اور۲۲ نومبر کو مختلف موضوعات پر اجلاس منعقد ہوں گے۔ ان اجلاسوں میں تہذیبی اور ثقافتی اظہار، فنون لطیفہ، فن تعمیر، زبان، ادب اور قدیم مخطوطات سمیت چار وسیع موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ نے۲۸؍ اکتوبر کو بتایا تھا کہ بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک، بشمول پاکستان، کو اس فورم میں شرکت کی دعوت دی ہے، جو آئندہ ماہ قومی دارالحکومت میں منعقد ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے وزیر برائے قومی ورثہ اور ثقافت اورنگزیب خان کھیچی کو بھی اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
آپریشن سندور کے بعد گزشتہ سال۷ سے۱۰ مئی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی کے بعد یہ غالباً پہلا موقع ہے جب نئی دہلی نے پاکستان کے کسی سینئر وزیر کو بھارت میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا قیام۲۰۰۱ میں شنگھائی میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے دوران عمل میں آیا تھا۔ اس تنظیم کی بنیاد روس، چین، کرغز جمہوریہ، قازقستان، تاجکستان اور ازبکستان کے صدور نے رکھی تھی۔ بھارت اور پاکستان۲۰۱۷ میں اس کے مستقل رکن بنے، جبکہ ایران نے۲۰۲۳ میں تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔
تنظیم کے بنیادی مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، دوستی اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔
شیخاوت نے کہا کہ بھارت کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کو محض جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی پلیٹ فارم تک محدود رکھنے کے بجائے مشترکہ تہذیبی ورثے اور انسانی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنانا ہے۔
رکن ممالک کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم میں مبصر ریاستیں اور مکالماتی شراکت دار بھی شامل ہیں۔ تنظیم کی ویب سائٹ کے مطابق۱۵ ممالک کو مکالماتی شراکت دار کا درجہ حاصل ہے، جن میں آذربائیجان، آرمینیا، بحرین، مصر، کمبوڈیا، قطر، کویت، لاؤس، مالدیپ، میانمار، نیپال، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ترکیہ اور سری لنکا شامل ہیں۔
شرکت کی تصدیق کرنے والے ممالک کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر ثقافت نے بتایا کہ مجموعی طور پر۲۵ ممالک کو دعوت نامے بھیجے گئے تھے، جن میں سے۱۵ نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
ان کے مطابق تصدیق کرنے والے ممالک میں چین، قازقستان، ایران، تاجکستان، ازبکستان، بیلاروس، آذربائیجان، آرمینیا، بحرین، نیپال، سعودی عرب، ترکیہ اور سری لنکا شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ثقافت میں مختلف ممالک اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کا آغاز کرنے اور اعتماد کے پل تعمیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا تہذیبی مکالمے فورم وزارت ثقافت اور وزارت خارجہ کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
۔۔۔۔۔










