سی آر پی ایف کے ڈی جی کا دورۂ کولگام‘ حملے کے بعد کئی مشتبہ افراد پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیے گئے
(ایجنسیاں )
سرینگر؍۱۳نومبر
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکاروں کے زخمی ہونے کے دو روز بعد سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل گیانیندر پرتاپ سنگھ نے جمعہ کو ضلع کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس دوران لشکر طیبہ سے وابستہ دہشت گرد‘ محمد لطیف بٹ کی تلاش میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں، جس پر حملے میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق، سی آر پی ایف کے سربراہ نے اننت ناگ کے علاقے سدورہ میں سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے فیلڈ افسران سے بھی ملاقات کی اور وادی میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز میر بازار کے علاقے میں اکھرن پل کے نزدیک ناکہ پارٹی پر دو سے تین مشتبہ دہشت گردوںنے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ یہ حملہ ایسے وقت پیش آیا جب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کولگام میں گورنمنٹ ڈگری کالج میں منعقدہ ویشو فیسٹیول میں شرکت کے لیے موجود تھے۔
تحقیقاتی ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ لشکر طیبہ کا دہشت گرد لطیف بٹ بھی حملہ آوروں میں شامل تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی اہلکاروں نے اس کی تصویر سے اسے شناخت کیا ہے۔ اس دوران کولگام کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ پولیس نے متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ہے۔
لطیف بٹ پر جنوبی کشمیر میں اس سے قبل ہونے والے حملوں میں بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے، جن میں جولائی میں اکھرن گاؤں کے نزدیک کیلم علاقے میں دو غیر مقامی مزدوروں پر حملہ اور اسی ماہ اننت ناگ میں ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل کا قتل شامل ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ وادی میں سرگرم آخری مقامی جنگجو ہے اور پولیس کے مطابق اسے چند غیر ملکی دہشت گردوں کی مدد حاصل ہے۔
دریں اثنا، کولگام حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں محاصرہ اور تلاشی کارروائیاں شروع کر دی تھیں، جو جمعہ کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہیں۔
فورسز نے ضلع کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں اور بکتر بند گاڑیاں تعینات کی ہیں۔ سکیورٹی چیک پوائنٹس پر گاڑیوں کی تلاشی اور مسافروں کی جامہ تلاشی کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ پورے علاقے میں سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق، کارروائیوں میں انسانی ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے ساتھ جدید تکنیکی ذرائع سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران نے حملے کی جگہ کا دورہ کرکے حفاظتی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
ادھر وادی کے دیگر علاقوں میں بھی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں نے سرینگر شہر سمیت کشمیر کے مختلف اضلاع میں گاڑیوں کی اچانک تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔










