سرینگر؍۱۰ نومبر
جموں و کشمیر کی ایک عدالت نے بارہمولہ ضلع میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (یو اے پی اے) کے تحت مقدمے کا سامنا کرنے والے دو نوجوانوں کو بری کر دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان کے خلاف پیش کیے گئے شواہد قابلِ اعتماد نہیں ہیں۔
بارہمولہ میں یو اے پی اے اور این آئی اے سے متعلق مقدمات کی سماعت کرنے والے خصوصی جج فیروز احمد خان نے استغاثہ کے مقدمے میں تضادات سامنے آنے کے بعد حذیف فردوس بٹ اور اعجاز احمد کو بری کرنے کا حکم دیا۔
دونوں نوجوانوں کو ستمبر۲۰۲۰ میں بارہمولہ ضلع کے کنیس پورہ علاقے میں پولیس اور فوج کی مشترکہ ناکہ چیکنگ کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس نے دونوں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کی متعلقہ دفعات کے علاوہ آرمز ایکٹ کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کا دعویٰ تھا کہ ان کے قبضے سے دو دستی بم، گولہ بارود کے۱۰۰ راؤنڈ اور لشکر طیبہ نامی عسکری تنظیم کے پوسٹر برآمد کیے گئے تھے۔
عدالت نے اپنے۷۱ صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا کہ مجموعی طور پر استغاثہ کے شواہد میں ایسی اہم خامیاں اور تضادات موجود ہیں کہ ان کی بنیاد پر ملزمان کو سزا دینا محفوظ نہیں ہوگا۔
عدالت کے مطابق استغاثہ قابلِ اعتماد اور ٹھوس شواہد کے ذریعے یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ عدالت میں پیش کیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود اسی طرح ملزمان کے شعوری قبضے سے برآمد ہوا تھا، جس طرح دعویٰ کیا گیا ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ جب مبینہ برآمدگی ہی مشکوک ہو جائے تو یو اے پی اے کی دفعات۱۸؍اور۲۳ اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعہ کے تحت الزامات کی بنیاد بھی کمزور ہو جاتی ہے۔
عدالت نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی کے وقت کوئی آزاد گواہ موجود نہیں تھا، جبکہ پولیس اہلکاروں کے بیانات اور جرح کے دوران بھی نمایاں تضادات سامنے آئے۔
۔۔۔۔۔۔
(ایجنسیاں )









