سرینگر؍۱۰ نومبر
کرگل میں سرما کے دوران مجوزہ انتخابات کے خلاف مکمل ہڑتال کے بیچ لداخ انتظامیہ اور ریاستی الیکشن کمیشن نے خطے کے آٹھ اضلاع میں لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں (ایل اے ایچ ڈی سیز) کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ اعلان کردہ پروگرام کے مطابق انتخابات کے لیے ووٹنگ۴ دسمبر۲۰۲۶ کو ہوگی، جبکہ انتخابی عمل۸ دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار۱۷؍ نومبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کر سکتے ہیں، جبکہ ان کی جانچ پڑتال۱۸ نومبر کو ہوگی۔ امیدواروں کی جانب سے نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ۲۰ نومبر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب کرگل میں منگل کو سرما کے دوران پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات منعقد کرنے کی تجویز اور حال ہی میں مکمل کی گئی حلقہ بندیوں پر نظرثانی کے مطالبے کو لے کر مکمل ہڑتال رہی۔ اس دوران تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت بھی معمول سے کم رہی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مختلف علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔
کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے بینر تلے سیاسی، مذہبی، تجارتی اور سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں نے پیر کو ہڑتال اور شام کے وقت ’جمہوریت بچاؤ‘ کے عنوان سے شمع بردار مارچ کا اعلان کیا تھا۔ ان تنظیموں نے سرما کے دوران انتخابات کے انعقاد، حلقہ بندیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور خطے میں جمہوری حقوق کے متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔
لداخ کے رکن پارلیمان محمد حنیفہ نے بھی اس معاملے میں لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کو خط لکھ کر انتخابات ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ لداخ کے منفرد جغرافیائی اور موسمی حالات، بالخصوص کرگل اور لیہہ اضلاع میں، سرما کے دوران ووٹروں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔
ان کے مطابق بھاری برف باری، نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت، اہم سڑکوں کی بندش اور آمدورفت و مواصلات میں بار بار خلل کے باعث دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لیے پولنگ مراکز تک پہنچنا مشکل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ہزاروں افراد، جن میں بزرگ شہری، تاجر، کاروباری افراد اور طلبہ شامل ہیں، سردیوں میں روایتی طور پر نسبتاً گرم علاقوں کا رخ کرتے ہیں، جبکہ اعلیٰ تعلیم اور مسابقتی امتحانات کے لیے بھی متعدد طلبہ لداخ سے باہر ہوتے ہیں۔ ایسے حالات میں انتخابات منعقد کرنے سے اہل ووٹروں کا ایک بڑا طبقہ اپنے حقِ رائے دہی سے محروم رہ سکتا ہے۔
محمد حنیفہ نے دراس، زنسکار اور چانگ تھانگ جیسے دور دراز علاقوں میں انتخابی انتظامات کے حوالے سے بھی مشکلات کا ذکر کیا اور کہا کہ انتخابی منصوبہ بندی میں لداخ کے وسیع رقبے، بکھری ہوئی آبادیوں اور سرما میں محدود سفری رابطوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
لوک سبھا کے ممبر نے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے لیے دستیاب محدود وقت پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اہل شہریوں کو اپنا اندراج کرانے اور تفصیلات کی تصدیق کے لیے مناسب موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ موسم سرما کی مشکلات ختم ہونے تک انتخابات ملتوی کیے جائیں، انتخابی فہرستوں پر جامع اور شفاف نظرثانی کی جائے اور انتخابی شیڈول کو حتمی شکل دینے سے قبل منتخب نمائندوں، سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جائے۔
کے ڈی اے کے شریک چیئرمین سجاد کرگلی نے لداخ کے رکن پارلیمان حاجی حنیفہ جان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ہمراہ بتایا کہ ہڑتال شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، تاہم طبی سہولیات، پانی کی فراہمی اور اسکول بسوں سمیت ضروری خدمات کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
کے ڈی اے نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ وہ یکطرفہ فیصلے مسلط کر رہی ہے اور حلقہ بندیوں اور انتخابات کے مجوزہ وقت سے متعلق عوامی خدشات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ تنظیم نے شام کے وقت ’’جمہوریت بچاؤ‘‘ کے عنوان سے شمع بردار مارچ کا بھی اعلان کیا تھا۔
ادھر لیہہ ایپکس باڈی کے چیئرمین چیرنگ دورجے نے بھی ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات اپریل یا مئی تک ملتوی کرنے اور حلقہ بندیوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انتخابی حلقوں کی مناسب نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔
قابلِ ذکر ہے کہ لداخ انتظامیہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے آٹھ اضلاع میں۱۰۰ ؍انتخابی حلقوں کی حلقہ بندی کا عمل مکمل کر لیا ہے، جبکہ خواتین کیلئے۳۳فیصد نشستیں مخصوص رکھنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل۱۷؍ نومبر تک جاری رہے گا اور۴ دسمبر کو ووٹنگ ہوگی۔
دریں اثنا، لداخ کے چیف سیکریٹری آشیش کندرا نے منگل کو بتایا کہ جاری پنچایت انتخابی عمل کے دوران۵۵ سرپنچ اور۱۱۸۶ پنچ بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ لداخ کی آٹھ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کی مجموعی۱۰۰ نشستوں میں سے۳۶ نشستیں خواتین کے لیے مخصوص رکھی گئی ہیں۔
کندرا نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ لیہہ میونسپل کونسل کے تمام۲۱ وارڈوں میں انتخابات ہوں گے، جبکہ کرگل میونسپل کونسل کے۱۷ وارڈوں میں سے چار وارڈوں میں نمائندے بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ لداخ میں پنچایت اور میونسپل انتخابات۱۱ نومبر کو منعقد ہوں گے، جبکہ آٹھ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات۴ دسمبر کو طے کیے گئے ہیں۔
(ندائے مشرق ویب ڈیسک)
۔۔۔۔۔









