وزیر اعلیٰ کا اظہارِ افسوس، متاثرین کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی‘ محبوبہ خصوصی مالی پیکیج کا مطالبہ‘ تاجروں کا شدید احتجاج
سرینگر؍۹نومبر
جموں کے تاریخی تجارتی مرکز نہرو مارکیٹ کے گودام علاقے میں اتوار کی شب لگنے والی بھیانک آگ کے نتیجے میں متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں، جبکہ تاجروں کو بھاری مالی نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔
آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی ملحقہ عمارتوں اور تجارتی اداروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس واقعے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ تاجروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کے ویئر ہاؤس علاقے میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے گزشتہ شب صورتحال کا جائزہ لیا اور پیر کو اعلیٰ حکام سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اس سانحے سے متاثرہ افراد کو فوری اور جامع امداد فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
سنہا نے تاجر برادری اور کاروباری طبقے کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی بکرم چوک جموں کے قریب پیش آئے بھیانک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو نقصان کا تفصیلی تخمینہ لگانے اور متاثرہ افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
دریں اثنا، نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اور کابینہ وزیر جاوید رانا نے پیر کو آتشزدگی سے متاثرہ نہرو مارکیٹ ویئر ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں دکانداروں اور متاثرہ افراد نے انہیں بھاری نقصان سے آگاہ کرتے ہوئے مناسب معاوضے اور جوابدہی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ یہ مارکیٹ جموں کے قدیم ترین تجارتی مراکز میں شمار ہوتی ہے اور یہاں اناج سمیت دیگر ضروری اشیاء کی تھوک تجارت بڑے پیمانے پر ہوتی ہے۔ اتوار کی شب آگ مبینہ طور پر ایک دکان سے شروع ہوئی اور تیزی سے ملحقہ دکانوں تک پھیل گئی۔ دکانوں میں خوردنی تیل کی بڑی مقدار موجود ہونے کے باعث آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔
متاثرہ تاجروں سے ملاقات کے دوران نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر جاوید رانا نے یقین دلایا کہ آتشزدگی کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ اس میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی مبینہ تاخیر سے آمد کے معاملے کی بھی جانچ شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد متاثرین کو فراہم کی جانے والی امداد کا تعین کیا جائے گا۔
تاہم وزراء کے دورے کے دوران اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب بعض مشتعل دکانداروں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں حکومت سے کوئی توقع نہیں رہی، کیونکہ سیاسی نمائندوں کے دورے محض یقین دہانیوں، بیانات اور تصویروں تک محدود رہتے ہیں اور زمینی سطح پر کوئی ٹھوس کارروائی نظر نہیں آتی۔
تاجروں نے۲۵؍ اکتوبر کو جموں ریلوے اسٹیشن کے قریب شیو مارکیٹ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں متاثرہ دکاندار اب بھی سرکاری امداد کے منتظر ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے متاثرہ دکانداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے مسائل اور مطالبات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھیں گے۔ اس موقع پر ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن کے صدر دیپک گپتا بھی موجود تھے۔
چودھری نے کہا کہ نقصان بہت زیادہ ہے اور اس صورتحال کو معمولی نہیں سمجھا جا سکتا اور نہ ہی محض بیانات کے ذریعے اس کا ازالہ ممکن ہے۔
ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن کے صدر دیپک گپتا نے الزام لگایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بروقت کارروائی نہ ہونے کے باعث آگ کو پھیلنے کا موقع ملا اور اس کی لپیٹ میں تقریباً۱۵دکانیں آگئیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ فائر اسٹیشن جائے حادثہ سے محض پانچ منٹ کی دوری پر ہونے کے باوجود آگ لگنے کے تقریباً۹۰ منٹ بعد صرف دو فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے۔ انہوں نے اسے سنگین غفلت قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی اور انہیں معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔
ان شکایات کے جواب میں وزیر جاوید رانا نے کہا کہ ممکن ہے حکومت تاجروں کے پورے نقصان کی تلافی نہ کر سکے، تاہم مقررہ ضوابط کے تحت انہیں امداد ضرور فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ افراد کو یہ احساس ہو کہ انتظامیہ اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر نے مزید بتایا کہ شیو مارکیٹ میں تعمیر، مرمت اور تجدید کاری کے کاموں کو آسان بنانے کے لیے حکومت نے قواعد میں نرمی کی ہے اور سرکاری منظوری کے بعد وہاں کام جاری ہے۔
ادھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک وفد نے بھی متاثرہ مارکیٹ کا دورہ کیا۔ وفد میں جموں کے رکن پارلیمان جوگل کشور شرما، جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما، رکن اسمبلی وکرم رندھاوا اور بی جے پی کے سابق صدر رویندر رینا شامل تھے۔ وفد نے متاثرہ تاجروں کے لیے مناسب معاوضے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بروقت امداد فراہم کی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو دوبارہ شروع کر سکیں اور بھاری نقصان سے باہر نکل سکیں۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی پیر کو آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں کے لیے مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر انتظامیہ سے خصوصی مالی پیکیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس واقعے میں ہونے والا مجموعی نقصان۲۰۰ سے۳۰۰ کروڑ روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ویئر ہاؤس کا علاقہ جموں کے اہم تجارتی مراکز میں شمار ہوتا ہے اور یہاں ہونے والے نقصان کا حجم بہت زیادہ ہے۔ ان کے اندازے کے مطابق نقصان کم از کم۲۰۰ سے۳۰۰کروڑ روپے تک ہو سکتا ہے۔
محبوبہ نے کہا کہ مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر حکومت کو مشترکہ طور پر ایک منصوبہ یا خصوصی مالی پیکیج تیار کرنا چاہیے تاکہ شیو مارکیٹ اور ویئر ہاؤس سمیت متاثرہ تجارتی مراکز کو دوبارہ بحال کیا جا سکے اور تاجر اپنا کاروبار پھر سے شروع کر سکیں۔
پی ڈی پی صدر نے حکومتوں سے اپیل کی کہ اس معاملے کو سیاست سے بالاتر رکھتے ہوئے متاثرہ تاجروں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار دوبارہ شروع کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کر سکیں۔
محبوبہ نے کہا کہ بہت سے تاجروں نے قرض لے کر اور اپنے خاندان کے زیورات فروخت کرکے کاروبار قائم کیے ہیں۔ ایسے میں اتنے بڑے نقصان کی تلافی کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہوگا۔ انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ ہر تاجر کے پاس بیمہ نہیں ہوتا اور جن تاجروں نے بیمہ کرایا بھی ہے، ممکن ہے وہ اس بڑے نقصان کی مکمل تلافی کے لیے کافی نہ ہو۔
سابق وزیر اعلیٰ نے اس سے قبل آتشزدگی سے متاثرہ علاقے کا دورہ بھی کیا اور واقعے کو ایک خوفناک تجربہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیوالی کی خوشیوں کی رات تاجروں کے لیے تاریکی اور خوف کی رات میں تبدیل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کے موسم میں بازاروں میں آتشزدگی کے ممکنہ واقعات سے نمٹنے کے لیے مناسب انتظامات ہونے چاہئیں تھے۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ متاثرہ افراد عام تاجر ہیں، بڑے کاروباری اداروں کے مالک نہیں، اس لیے ان کی مشکلات کو سمجھنے اور ان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔
محبوبہ نے۲۵؍ اکتوبر کو شیو ریلوے مارکیٹ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہاں کے متاثرہ تاجر اب تک سرکاری امداد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ تازہ واقعے سے متاثرہ تاجروں کو امداد کی فراہمی میں تاخیر نہ کی جائے۔
انہوں نے فائر فائٹنگ انتظامات پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ فائر ٹینڈرز دیر سے پہنچے اور ابتدائی طور پر دستیاب گاڑیاں اتنی بڑی آگ پر قابو پانے کے لیے ناکافی تھیں۔ ان کا مزید دعویٰ تھا کہ آگ بجھانے والی گاڑیوں کے پائپوں میں پانی کا دباؤ بھی مناسب نہیں تھا، جس سے کارروائی متاثر ہوئی۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ اس آتشزدگی سے صرف دکاندار ہی متاثر نہیں ہوئے بلکہ ان دکانوں میں کام کرنے والے ملازمین بھی بے روزگار ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق بعض دکانوں میں۱۰سے۱۲؍ افراد کام کرتے تھے اور اب ان کے روزگار کا ذریعہ ختم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں پہلے ہی بے روزگاری کے مسئلے سے دوچار ہے اور اس واقعے کے بعد دکانوں میں کام کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ بھی معاشی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نہرو مارکیٹ ویئر ہاؤس میں آتشزدگی کا یہ واقعہ دو ہفتوں سے کچھ زیادہ عرصے کے دوران جموں میں پیش آنے والا دوسرا بڑا واقعہ ہے، جس کے نتیجے میں سرمائی دارالحکومت کے دو بڑے تجارتی مراکز کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل۲۵؍اکتوبر کی شب شیو مارکیٹ میں بھی بھیانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جو۲۶؍ اکتوبر کی صبح تک جاری رہی۔ اس واقعے میں کم از کم۴۰دکانیں جل کر تباہ ہوگئی تھیں اور کروڑوں روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا تھا۔ (ایجنسیاں)
۔۔۔۔۔۔
(ندائے مشرق ویب ڈیسک)









