سرینگر؍۹ نومبر
جموں کشمیر کی وزیر تعلیم شمیمہ فردوس نے کہا ہے کہ نجی اسکولوں کی من مانی کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ والدین اور بچوں کو راحت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکول فیس، کتابوں اور وردیوں کے نام پر والدین کو تنگ کر رہے ہیں اور حکومت اس کا حل تلاش کرے گی۔
وہ پیر کو سری نگر کے نواح کدل میں واقع گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں آٹھویں جماعت تک کے طلبہ میں مفت درسی کتابیں تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہی تھیں۔
وزیر نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے بچوں کو مفت کتابیں اور وردیاں فراہم کرنے سے والدین کی حوصلہ افزائی ہو گی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں۔
نجی اسکولوں کی جانب سے بھاری فیس اور مہنگی کتابیں خریدنے پر مجبور کیے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ’’نجی اسکول بے شک بہت سی من مانیاں کر رہے ہیں۔ وہ اپنے قوانین بناتے ہیں اور اپنی مرضی سے اسکول چلاتے ہیں۔ غریب بچوں کو داخلہ نہیں دیتے اور ان کی سنتے نہیں۔ والدین کو فیس، کتابوں اور وردیوں کو لے کر بھی تنگ کرتے ہیں۔ میں آئی ہوں تو انشا اللہ ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھاؤں گی تاکہ والدین اور بچوں کو راحت ملے۔‘‘
فردوس نے کہا: ’’وہ بچوں کو پڑھائیں، اس پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن اپنی کتابیں، فیس، وردیاں اور دوسری چیزیں زبردستی تھوپنا سراسر غلط ہے۔ ہم مل بیٹھ کر حل تلاش کریں گے۔ بہت جلد آپ کو پتہ چلے گا کہ ہم نے کچھ کیا ہے۔‘‘
وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ نجی اسکول جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (جے کے بوس) کی کتابیں پڑھائیں، تاکہ نجی اور سرکاری اسکولوں کے طلبہ ایک ہی نصاب پڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکول اگر ان کتابوں کے علاوہ دوسری کتابیں بھی پڑھانا چاہیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔
عارضی اساتذہ کے مسائل پر وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے اساتذہ کی زندگیاں بہتر ہوں۔ ان کا کہنا تھا: ’’آپ کو پتہ ہے کہ جموں و کشمیر ریاست نہیں بلکہ یونین ٹریٹری ہے۔ خدا کرے ہمارا ریاستی درجہ بحال ہو تاکہ ہم ان عارضی اساتذہ اور دوسرے ڈیلی ویجرز کے مسائل حل کر سکیں۔‘‘
۔۔۔۔۔(ہندوستھان سماچار)










