سرینگر؍۹نومبر
کئی ہفتوں سے جاری طویل خشک موسم کے بعد جموں و کشمیر میں۱۲ نومبر سے بارشوں اور برفباری کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے وسیع پیمانے پر بارش، بالائی علاقوں میں برفباری اور اس کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک کمزور مغربی ہوائی سلسلہ پیر کے روز خطے کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے نتیجے میں بالخصوص شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔ پیر کی سہ پہر کے اواخر اور شام کے وقت موسم جزوی طور ابر آلود رہنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ۱۲ نومبر کے آس پاس ایک کمزور سے درمیانی شدت کا مغربی ہوائی سلسلہ جموں و کشمیر کو متاثر کرسکتا ہے، جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر بارشیں ہوں گی، جبکہ بعض مقامات پر درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے۔
اس دوران جنوبی، شمالی اور وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں کے علاوہ پیر پنجال اور جموں کے چناب ویلی خطوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض بلند مقامات پر درمیانی درجے کی برفباری بھی ہوسکتی ہے۔
موسم کی اس تبدیلی کے دوران چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق۱۴نومبر سے موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے، تاہم۱۴؍اور۱۵ نومبر کو وقفے وقفے سے مختصر وقت کے لیے مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔ اس دوران کسی بڑی موسمی سرگرمی کی توقع نہیں ہے۔
محکمہ نے۱۶ نومبر سے۱۸ نومبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
دریں اثنا، بارشوں اور برفباری کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور دن کا درجہ حرارت معمول سے۵ سے۸ ڈگری سینٹی گریڈ کم رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ ترین درجہ حرارت کی تفصیلات کے مطابق کشمیر اور جموں دونوں صوبوں کے بیشتر علاقوں میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت معمول سے ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
کشمیر صوبے میں سیاحتی مقام پہلگام میں رات کا سب سے کم درجہ حرارت۰ء۸ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جموں صوبے میں بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۵ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
بالائی علاقوں میں متوقع برفباری کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے مسافروں، سیاحوں، ٹرانسپورٹروں اور عام لوگوں کو اپنے سفر کی منصوبہ بندی احتیاط سے کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بالخصوص۱۲؍اور۱۳ نومبر کو سفر کرنے والوں کو شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے بعد ہی سفر شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں کی سڑکوں اور پہاڑی درّوں پر پھسلن پیدا ہونے کے علاوہ ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔جن اہم راستوں اور پہاڑی درّوں پر برفباری کے باعث مشکلات پیش آنے کا امکان ہے، ان میں رازدان پاس، سادھنا پاس، زوجیلا، مغل روڈ اور سنتھن ٹاپ شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










