ہندوستان کا 17 رکنی دستہ آج سے یہاں شروع ہونے والے یوتھ اولمپک گیمز 2026 کے 11 مقابلوں میں حصہ لے گا۔ یوتھ اولمپک کی افتتاحی تقریب ہفتہ کو دیامنیادیو کے ‘اسٹیڈ عبدولے واڈے میں منعقد ہوگی، جبکہ اختتامی تقریب 13 نومبر کو منعقد کی جائے گی۔ سمر یوتھ اولمپک گیمز کے چوتھے ایڈیشن میں تقریباً 2,700 نوجوان ایتھلیٹ حصہ لیں گے۔
اس میں 25 کھیلوں کے 153 تمغوں کے مقابلے ہوں گے۔ یہ ایونٹس ڈکار، دیامنیادیو اور سیلی میں منعقد کیے جائیں گے۔ یہ ایونٹ تاریخ رقم کرے گا، کیونکہ افریقہ میں منعقد ہونے والا یہ پہلا اولمپک کھیلوں کا ایونٹ ہوگا۔
ہندوستان کے 17 رکنی دستے میں 11 خواتین اور 6 مرد ایتھلیٹ شامل ہیں۔ 14 سالہ ونڈ سرفر پریانشی پاٹل اس دستے کی سب سے کم عمر ہندوستانی ایتھلیٹ ہیں۔ وہ آٹھ سے 12 نومبر تک خواتین کے ونڈ سرفنگ ایونٹ میں حصہ لیں گی۔ ہندوستانی دستے میں نمایاں ناموں میں پیرس 2024 اولمپک میں حصہ لینے والی دھینیدھی دیسنگھو، ایشیائی انڈر 17 بیڈمنٹن چیمپیئن تنوی پاتری اور ٹیبل ٹینس کھلاڑی سنڈریلا داس شامل ہیں۔
دھینیدھی خواتین کی 100 میٹر فری اسٹائل، 200 میٹر فری اسٹائل اور 200 میٹر انفرادی میڈلے مقابلوں میں حصہ لیں گی، جبکہ تنوی اور سنڈریلا بالترتیب خواتین کے سنگلز بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس ایونٹس میں حصہ لیں گی۔اولمپین اور سابق ایشیائی چیمپیئن شاٹ پٹر اوم پرکاش سنگھ کرہانا ہندوستان کے ‘شیف ڈی مشن’ ہوں گے۔ یوتھ اولمپک کے گزشتہ تین ایڈیشنز میں، ہندوستان نے کل 23 تمغے جیتے ہیں، جن میں تین طلائی، 16 نقرئی اور چار کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ہندوستانی ایتھلیٹس نے ‘مکسڈ-این او سی’ ایونٹس میں بھی چار تمغے جیتے ہیں۔ ان ایونٹس میں مختلف قومی اولمپک کمیٹیوں کے ایتھلیٹ ایک ساتھ مل کر مقابلہ کرتے ہیں۔ ان تمغوں کو ہندوستان کی باضابطہ تمغوں کی فہرست میں شمار نہیں کیا جاتا ہے۔ بیونس آئرس 2018 میں ہندوستان کی یوتھ اولمپک مہم سب سے کامیاب رہی، جس میں اس نے 13 تمغے (تین طلائی، نو نقرئی اور ایک کانسے کا) جیتے تھے




