جموں؍۲ نومبر
دربار مو کے بعد دفاتر دوبارہ کھلنے کے پہلے روز پیر کو جموں میں سینکڑوں ڈیلی ویجرز، جن میں بڑی تعداد آشا ورکروں کی تھی، نے احتجاجی مارچ نکالا اور اپنی خدمات مستقل کرنے کے ساتھ کم از کم اجرت قانون نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجیوں نے رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ اس دوران آل جموں و کشمیر ڈیلی ویجرز سنگھرش سمیتی کے صدر سنی کانت چھب کو حراست میں لیا گیا۔
آل جموں و کشمیر ڈیلی ویجرز سنگھرش سمیتی کے بینر تلے جمع ہونے والے احتجاجی اپنی دیرینہ مانگوں کے حق میں سول سیکریٹریٹ کی جانب مارچ کررہے تھے۔ وہ حکومت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے ڈیلی ویجرز کے لیے انصاف کا مطالبہ کررہے تھے۔
پولیس کی بھاری نفری نے ایم ایل اے ہاسٹل کے نزدیک انہیں روک دیا، جہاں سول سیکریٹریٹ کی جانب پیش قدمی روکنے کے لیے رکاوٹیں اور خاردار تاریں نصب کی گئی تھیں۔
سنی کانت چھب نے کہا کہ وہ گزشتہ دو برسوں سے احتجاج کررہے ہیں اور وزیراعلیٰ عمر عبداللہ سے ڈیلی ویجرز کی خدمات مستقل کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ابھی تک کچھ بھی نہیں کیا گیا ہے۔ آج کا احتجاج حکومت کو جگانے کے لیے تھا تاکہ ڈیلی ویجرز کی خدمات مستقل کرنے اور کم از کم اجرت قانون نافذ کرنے کے مطالبات پورے کیے جاسکیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’جس کرسی پر آج عمر عبداللہ بیٹھے ہیں، وہ ان کے خاندان کی نہیں بلکہ ان غریب لوگوں کی ہے۔ انہی لوگوں کے ووٹوں کی بدولت وہ آج اس کرسی پر بیٹھے ہیں۔ اگر وہ اس عہدے پر فائز ہیں لیکن غریبوں کو انصاف فراہم نہیں کرسکتے تو انہیں اس کرسی پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘‘
سنی کانت چھب نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ سیاست میں مصروف ہے جبکہ غریب عوام کے مسائل کو نظرانداز کررہی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’آپ صرف اقتدار کے بھوکے ہیں، اپنے لیے گھر اور سلطنتیں بنانے کے خواہاں ہیں، غریبوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے نہیں۔‘‘
تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ خدمات مستقل کرنے اور کم از کم اجرت قانون نافذ کرنے سمیت اپنے تمام مطالبات پورے ہونے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
سنی کانت چھب نے کہا، ’’اگر آپ اس کرسی پر برقرار رہنا چاہتے ہیں تو غریبوں کو انصاف فراہم کریں۔ یا تو ہمارے مطالبات پورے کرتے ہوئے خدمات مستقل کرنے کا ضروری حکم نامہ جاری کریں، یا پھر کرسی چھوڑ دیں۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )









