نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) دہلی کے کیشَوپورم علاقے میں ماچس نہ دینے پر ہوئی چاقو زنی کی واردات میں ایک 30 سالہ نوجوان کی موت ہو گئی، جب کہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بدھ کو معاملے کے اہم ملزم سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کو شراب کی ایک دکان کے باہر پیش آیا۔ متاثرہ بھوانی اور اس کا ساتھی آشا رام (32 سال) وہاں موجود تھے، تبھی 3 نوجوانوں نے ان سے سگریٹ جلانے کے لیے ماچس مانگی۔ ماچس نہ ہونے کی بات کہنے پر ان لوگوں کے درمیان بحث شروع ہو گئی۔ اسی دوران ایک ملزم نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ زخمی بھوانی کو دیپ چند بندھو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ دوسرے زخمی آشا رام کے سینے کے نچلے حصے میں چوٹ آئی۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کیشَوپورم پولیس نے ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں اہم ملزم نریش بہادر عرف نیپالی (19 سال)، ترون (19 سال) اور ایک نابالغ شامل ہے۔





