پورپیٹو (اٹلی)، 15 ستمبر (یو این آئی) اٹلی کے پورپیٹو میں شروع ہونے والے آئی ایس ایس ایف جونیئر ورلڈ کپ شاٹ گن 2026 میں ہندوستان کا 20 رکنی شوٹنگ دستہ حصہ لے گا، جس کی قیادت ایشین ٹریپ چیمپئن صابرہ حارث کریں گی۔ ٹورنامنٹ 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔
انڈر 21 نشانے بازوں کے لیے اس سال کے دوسرے جونیئر آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں صرف شاٹ گن مقابلے ہوں گے۔ ہندوستانی نشانے بازوں نے اس سال اپریل میں قاہرہ میں ہونے والے پہلے جونیئر ورلڈ کپ میں 16 تمغے جیتے تھے، جن میں پانچ طلائی، چھ چاندی اور پانچ کانسی کے تمغے شامل تھے۔
پورپیٹو میں ہندوستانی نشانے باز پانچ تمغوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ مردوں کے ٹریپ میں چھ، مردوں کے اسکیٹ میں چار، خواتین کے ٹریپ میں پانچ اور خواتین کے اسکیٹ میں پانچ نشانے باز میدان میں اتریں گے، جبکہ چار کھلاڑی جونیئر مکسڈ ٹیم ٹریپ میں حصہ لیں گے۔ صابرہ حارث ہندوستان کی اہم تمغے کی امیدواروں میں شامل ہیں۔ انہوں نے 2025 کے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں کی نان چنائی کے ساتھ مکسڈ ٹریپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
زہیب خان مردوں اور مکسڈ ٹریپ میں جبکہ آدیا کاتیال خواتین کے ٹریپ مقابلے میں حصہ لیں گی۔ گزشتہ سال جرمنی کے زُہل اور نئی دہلی میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ مراحل میں ہندوستانی نشانے بازوں نے مجموعی طور پر 37 تمغے جیتے تھے، جن میں 17 طلائی تمغے شامل تھے۔ اس بار پورپیٹو میں 30 فیڈریشنز کے 218 ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔



