سری نگر؍۱۴ستمبر
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے بجبہاڑہ علاقے میں ڈیوٹی پر مامور اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو گاڑی سے ٹکر مار کر زخمی کرنے کے الزام میں ایک پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی دیر شام بجبہاڑہ پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں ایس ایچ او مجید احمد خان ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران ایک گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد ایس ایچ او کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا گیا۔ ابتدائی علاج کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مزید اور بہتر علاج کے لیے سری نگر کے بون اینڈ جوائنٹ اسپتال منتقل کردیا۔
حکام نے بتایا کہ واقعے کے سلسلے میں سلیکشن گریڈ کانسٹیبل خورشید احمد وانی ولد محمد عبداللہ وانی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ کوکرناگ علاقے کے بندو کا رہائشی بتایا گیا ہے۔
پولیس نے حادثے میں استعمال ہونے والی گاڑی، جس کا رجسٹریشن نمبر JK16A-3739 ہے، بھی قبضے میں لے لی ہے۔
حکام کے مطابق کانسٹیبل پر تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا الزام ہے، تاہم واقعے کے مکمل حقائق جاننے کے لیے اس سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)








