ممبئی، 10 ستمبر (یواین آئی) ہندوستان کی سلیکشن کمیٹی نے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی-20 سیریز اور 2026 ایشیائی کھیلوں کے لیے ہندوستانی ٹیم میں ہرشیت رانا کی جگہ یش ٹھاکر کو شامل کیا ہے۔ وہیں تجربہ کار تیز گیند باز جسپریت بمراہ مکمل طور پر فٹ ہوکر میدان میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے ان کا انتخاب فٹنس سے متعلق تازہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
تیز گیند باز ہرشیت رانا بی سی سی آئی سینٹر آف ایکسی لینس (سی او ای) میں بحالی کے دوران اچھی طرح صحت یاب ہو رہے تھے، لیکن 7 ستمبر کو میچ سمیولیشن کے دوران گیند بازی کرتے ہوئے ان کے پٹھے میں کھنچاؤ آگیا۔ اس کے بعد انہیں دونوں مقابلوں سے باہر کردیا گیا۔
ودربھ کے 27 سالہ تیز گیند باز یش ٹھاکر نے حال ہی میں جولائی میں زمبابوے کے دورے پر ہندوستان کے لیے ٹی-20 ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے دو میچ کھیلے تھے، جن میں چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ 50 سید مشتاق علی ٹرافی میچ کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 7.04 کی شاندار اکانومی ریٹ سے 81 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
کرک انفو کے مطابق بمراہ اور نتیش کمار ریڈی کل یعنی جمعہ کو ٹیم کے ساتھ دہلی میں شامل ہوں گے۔ ان کے علاوہ دلیپ ٹرافی فائنل کھیل رہے مزید تین کھلاڑی بھی ٹیم کے ساتھ شامل ہوجائیں گے۔
افغانستان کے خلاف ٹی-20 کے لیے ہندوستان کی تازہ ترین ٹیم:
شریئس ایئر (کپتان)، ابھیشیک شرما، ویبھو سوریہ ونشی، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، تلک ورما (نائب کپتان)، شیوم دوبے، نتیش کمار ریڈی، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، ورون چکرورتی، روی بشنوئی، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، یش ٹھاکر۔
2026 ایشیائی کھیلوں کے لیے ہندوستانی ٹیم:
شریئس ایئر (کپتان)، ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، تلک ورما (نائب کپتان)، نتیش کمار ریڈی، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، ورون چکرورتی، روی بشنوئی، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ویبھو سوریہ ونشی، یش ٹھاکر۔






