وظیفے پر نظرثانی سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر حتمی فیصلہ ہوگا‘انٹرنوں کا فوری طور پر اپنے فرائض سنبھالنے کا اعلان
سرینگر؍۸ ستمبر
جموں و کشمیر بھر کے طبی انٹرنز نے وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو کے ساتھ ملاقات کے بعد اپنی ہڑتال ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ماہانہ وظیفے میں اضافے کا طویل عرصے سے زیر التوا مطالبہ۳۰ روز کے اندر حل کردیا جائے گا۔
وزیر کے پرسنل سیکشن کی جانب سے جاری کیے گئے ایک سرکاری ریکارڈ نوٹ کے مطابق، جموں و کشمیر کے مختلف میڈیکل کالجوں کی نمائندگی کرنے والے طبی انٹرنز کے ایک وفد نے اپنے وظیفے کے ڈھانچے میں نظرثانی کے مطالبے کے لیے۴ ستمبر اور۹ ستمبر کو وزیر سے ملاقات کی۔
وفد کے ساتھ گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے پرنسپل اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کی نمائندگی کرنے والے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے وزیر کو موجودہ وظیفے کے ڈھانچے سے آگاہ کیا اور صحت کے نظام میں ان کے فرائض کی نوعیت، کام کے بوجھ اور ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وظیفے میں مناسب نظرثانی کا مطالبہ کیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر نے وفد کی بات تحمل سے سنی اور ریکارڈ نوٹ کے مطابق تسلیم کیا کہ ان کے خدشات ’’مناسب غور کے مستحق ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ حکومت طبی انٹرنز سے متعلق مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے جائز خدشات کے حوالے سے حساس ہے۔
وزیر نے وفد کو بتایا کہ یہ معاملہ پہلے ہی حکومت کے زیر غور ہے اور اس کا جامع جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا قیام اس بات کا عکاس ہے کہ حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ایک سوچا سمجھا اور مناسب فیصلہ کرنا چاہتی ہے۔
ریکارڈ نوٹ میں۲۷ جون۲۰۲۳ کے ایک حکومتی حکم نامہ کے تحت قائم کی گئی اسٹائپنڈ اینہانسمنٹ کمیٹی کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ معاملے کو ’’بلاوجہ تاخیر کے بغیر تیزی سے‘‘ منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہے، تاکہ انٹرنز کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں متاثر نہ ہوں اور اسپتالوں کی خدمات اور مریضوں کی دیکھ بھال بلا تعطل جاری رہ سکے۔
تفصیلی غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اسٹائپنڈ اینہانسمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر اور طبی انٹرنز کے جائز مفادات اور خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کو۳۰ روز کے اندر حتمی شکل دی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں کے پیش نظر طبی انٹرنز نے فوری طور پر اپنی ہڑتال ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی، تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال کے وسیع تر مفاد میں خدمات جاری رہیں اور ان کے اپنے تعلیمی و پیشہ ورانہ مفادات کا بھی تحفظ ہوسکے، ریکارڈ نوٹ میں کہا گیا ہے۔
کارروائی کو ریکارڈ کرکے اس پر۸ ستمبر۲۰۲۶ کی تاریخ درج کی گئی ہے۔ دستاویز پر وزیر صحت و طبی تعلیم، اسکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جموں و کشمیر کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی، پیرزادہ ظہور احمد، جے کے اے ایس نے دستخط کیے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔(ندائے مشرق خبر)








