جموں؍۲ستمبر
جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے اسسٹنٹ کمشنر (جنرل)، جموں کے دفتر میں تعینات جونیئر اسسٹنٹ اجے کمار کو۱۵ ہزار روپے رشوت طلب کرنے اور وصول کرنے کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
اے سی بی کے مطابق ملزم اجے کمار ولد مرحوم رام مورتی، ساکن گاؤں گنگو چک، گجن سو، جموں کے خلاف ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے اسپیشل میرج ایکٹ۱۹۵۴ کے تحت شادی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عوض شکایت کنندہ سے۲۰ ہزار روپے رشوت طلب کی۔
شکایت کے مطابق بعد ازاں گفت و شنید کے بعد ملزم مبینہ طور پر۱۵ ہزار روپے غیر قانونی رقم وصول کرنے پر رضامند ہوگیا۔
رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا اور ملزم سرکاری ملازم کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی۔
اے سی بی نے شکایت موصول ہونے کے بعد خفیہ طور پر اس کی تصدیق کی، جس کے دوران ملزم کی جانب سے رشوت طلب کیے جانے کا بادی النظر میں معاملہ درست ثابت ہوا۔ اس کے بعد پولیس اسٹیشن اے سی بی سینٹرل جموں و کشمیر، جموں میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی۔
ایف آئی آر انسدادِ بدعنوانی قانون۱۹۸۸‘ جس میں۲۰۱۸ میں ترمیم کی گئی، کی دفعہ۷ کے تحت درج کی گئی اور تحقیقات شروع کردی گئیں۔
تحقیقات کے دوران اے سی بی نے ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی، جس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو شکایت کنندہ سے۱۵ ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
اے سی بی کے مطابق ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا جبکہ رشوت کی رقم بھی اس کے قبضے سے برآمد کرلی گئی۔ یہ کارروائی آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئی۔بعد ازاں اے سی بی نے ملزم سرکاری ملازم کی رہائش گاہ پر بھی تلاشی لی۔ تلاشی کی کارروائی ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
اے سی بی کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔
ایجنسیاں










