سرینگر/۲۷؍ اگست
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ(ڈی آئی پی آر) نے فلم سازی میں تخلیقی اور فنی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جموں و کشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے دوران نو مختلف زمروں میں نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔ فیسٹیول۷ سے۱۰ ستمبر۲۰۲۶تک سری نگر کے ایس کے آئی سی سی، گلمرگ اور جموں میں منعقد ہوگا۔
ان اعزازات کا مقصد فلم سازی میں تخلیقی عمدگی، تکنیکی مہارت، انفرادی کارکردگی اور ابھرتے ہوئے سنیما ٹیلنٹ کو تسلیم کرنا اور فیسٹیول میں شریک فلم سازوں اور فن کاروں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر شناخت کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
بہترین فلم کے ایوارڈ کے ساتھ سب سے بڑا نقد انعام۲۵ لاکھ روپے رکھا گیا ہے۔ بہترین ہدایت کار اور بہترین ڈیبیو فلم از اے ڈائریکٹر کے زمروں میں پندرہ پندرہ لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا، جس سے تجربہ کار ہدایت کاروں کے ساتھ ساتھ سنیما میں نئے آنے والے فن کاروں کی حوصلہ افزائی کا اظہار ہوتا ہے۔
جموں و کشمیر کی مخصوص ثقافتی اور سنیما شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے بہترین فلم جے اینڈ کے سلیکٹ کے زمرے میں۱۰ لاکھ روپے کا نقد انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد جموں و کشمیر سے جڑی ایسی فلموں کو سراہنا ہے جو خطے کے ثقافتی، سماجی اور فنکارانہ منظرنامے کو نمایاں کرتی ہوں۔
اداکاری کے شعبے میں بہترین اداکار (مرد) اور بہترین اداکارہ (خاتون) کے لیے آٹھ آٹھ لاکھ روپے کا نقد انعام تجویز کیا گیا ہے۔
فلم سازی میں تکنیکی و تخلیقی شعبوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے بہترین سینماٹوگرافی، بہترین ساؤنڈ ڈیزائن اور بہترین ایڈیٹنگ کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے کے نقد انعامات رکھے گئے ہیں۔
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے مطابق ایوارڈز کا یہ مجموعی ڈھانچہ فلم سازی میں تخلیقی، فنی، تکنیکی اور علاقائی صلاحیتوں کے مختلف پہلوؤں کو تسلیم کرنے کے لیے ایک بامعنی ماحول پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ ان انعامات کے ذریعے محض بہترین فلموں کو ہی نہیں بلکہ انفرادی کارکردگی اور پردۂ سیمیں کے پیچھے کام کرنے والے تکنیکی ماہرین کی خدمات کو بھی سراہا جائے گا۔
حکومت جموں و کشمیر کے وسیع تر وژن کے تحت یہ اقدام جموں و کشمیر کو عالمی سنیما کے نقشے پر نمایاں کرنے، فلم سازوں کو اپنی تخلیقات پیش کرنے کے مواقع فراہم کرنے، ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے اور نئے و تجربہ کار فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
(ڈی آئی پی آر)










