ایمسٹل وین، 24 اگست (یو این آئی) ہندستان کی ایک اور شاندار اور جذبے سے بھرپور کارکردگی۔ لیکن اس کا سفر یہیں ختم ہو گیا، کیونکہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اسے آسٹریلیا کے خلاف جیت کی ضرورت تھی۔ ہندستان نے آسٹریلیا کے خلاف اتوار کو گول کے بغیر ڈرا کھیلا اور اس کے ساتھ ہی خواتین کے ہاکی عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اس کا خواب ٹوٹ گیا۔
دوسرے دور میں پول ای کے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز سے 0-2 سے شکست کے بعد ہندستان کو گہرا دھچکا لگا تھا۔ اسے سیمی فائنل کی امیدوں کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ہر حال میں میچ جیتنا تھا۔ جیت کی کوشش میں ہندستان نے آخری منٹوں میں اپنے گول کیپر کو بھی ہٹا لیا تھا اور اضافی اسٹرائیکر میدان میں اتار دیا تھا، لیکن آخر میں تعطل نہیں ٹوٹ سکا۔
اس سے پہلے نیدرلینڈز نے چین کو 4-1 سے شکست دے کر شان کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی۔ ہندستان کے خلاف ڈرا کے بعد آسٹریلیا نے بھی دوسری ٹیم کے طور پر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہندستان گروپ میں تیسرے مقام پر رہا اور اب وہ پانچویں مقام کے لیے کھیلے گا۔ چین گروپ میں چوتھے مقام پر رہا اور وہ اب ساتویں مقام کے لیے کھیلے گا۔









