نئی دہلی//کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سائنسی آلات پر جی ایس ٹی میں اضافہ اور تحقیق کی رقم میں کمی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی یہ سوچ ملک کی ترقی کے لیے مہلک ثابت ہوگی۔
فیس بک پر ایک بیان میں مسٹر راہل گاندھی نے کہاکہ "سائنسی ترقی کسی بھی ملک کی ترقی کا سنگ بنیاد ہے لیکن بی جے پی حکومت کی طرف سے سائنسی تحقیق کے لیے فنڈز میں کمی کا پیٹرن ملک میں ریسرچ ایکو سسٹم کے لیے تشویشناک علامت ہے ۔ سائنسدانوں کے آلات پر جی ایس ٹی کی شرح کو 5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کر دیا گیا ہے ، حکومت اپنے بے سوچے سمجھے طریق کار کا مظاہرہ کررہی ہے اور پورے ملک میں سائنسی کام میں شامل لیبارٹریوں کے لیے دستیاب فنڈز اور وسائل کو مزید کم کر رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ "یاد رکھیں، یہ حکومت اس سال مرکزی وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے بجٹ میں پہلے ہی 3.9 فیصد کٹوتی کر چکی ہے ۔ اپنے ‘‘گبر سنگھ ٹیکس’’ کی وجہ سے سائنس کو نقصان نہ ہونے دیں وزیراعظم جی۔ سائنسی آلات پر جی ایس ٹی کی واپس لیں۔’’