نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) آئیر انڈیا کی گراؤنڈ ہینڈلنگ اکائی ایئر انڈیا سیٹس (اے آئی سیٹس) کی اکیڈمی میں تربیت حاصل کر کے سابق فوجیوں اور فوجیوں کے اہل خانہ کو کریئر کے نئے مواقع مل رہے ہیں۔
ایئر انڈیا اور آرمی ویلفیئر پلیسمینٹ آرگنائزیشن (اے ڈبلیو پی او) کے درمیان تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل ہوئے معاہدے (ایم او یو) کے تحت منتخب 10 امیدواروں کے پہلے بیچ کو جمعرات کے روز یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں تقرر نامے فراہم کیے گئے۔ اے آئی سیٹس کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر نمت بائیکر نے یہ تقرر نامے تقسیم کیے۔ ان میں فوجیوں کے اہل خانہ اور سابق فوجی بھی شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایم او یو کے تحت منتخب 46 مزید امیدواروں کا دوسرا بیچ بھی تربیت حاصل کر رہا ہے۔
اے ڈبلیو پی او کے منیجنگ ڈائریکٹر میجر جنرل (ریٹائرڈ) اجے سنگھ چوہان نے کہا کہ فوج سے کئی لوگ 35-40 سال کی عمر میں ریٹائر ہو جاتے ہیں۔ یہ ایسا وقت ہوتا ہے جب ان کے بچے پڑھ رہے ہوتے ہیں، گھر کی ماہانہ قسط دینی ہوتی ہے اور خاندان کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ انہوں نے فوجیوں کی قربانیوں کا احترام کرنے کے لیے اے آئی سیٹس کا شکریہ ادا کیا۔
مسٹر بائیکر نے کہا کہ یقیناً کمپنی کا بنیادی مقصد کاروبار کرنا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی شہداء کے کنبوں کو ان کی اہلیت کے مطابق روزگار دینا بھی اس پہل کا مقصد ہے۔ یہ ایک پیغام ہے کہ کمپنی ملک کی حفاظت کرنے والوں کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوجیوں کے اہل خانہ اور سابق فوجیوں کو تقرری کے طریقہ کار میں کسی قسم کی کوئی چھوٹ نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنی اہلیت کی بنیاد پر یہ نوکری حاصل کی ہے۔
اے آئی سیٹس سے جڑ کر فوجی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد پیسنجر اور بیگیج ہینڈلنگ، ریمپ ہینڈلنگ، طیارے کے کیبن کی صفائی، لوڈ کنٹرول اور فلائٹ آپریشن، اور کارگو سروس میں اپنا کریئر بنا سکتے ہیں۔ اے آئی سیٹس ٹاٹا گروپ کی کمپنی آئیر انڈیا اور سنگاپور کی سیٹس لمیٹڈ کے درمیان برابر کی شراکت داری والا جوائنٹ وینچر ہے۔







