لڑئیے ،ایک دوسرے سے لڑئیے کہ ایک دوسرے سے لڑنا اچھا ہے ۔ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے لڑیں گی نہیں ‘ ایک دوسرے سے جھگڑا نہیں کریں گی‘ ایک دوسرے کو نیچا نہیں دکھائیں گی ‘ ایک دوسرے کو زیر نہیں کریں گی تو ……. تو انہیں ووٹ نہیں ملیں گے ۔ووٹ تو انہیں ایک دوسرے کو برا نہیں بلکہ بہت زیادہ برا دکھانے پر ہی ملتے ہیں اور ہول سیل میں ملتے ہیں ……. صرف ووٹ ملتے ہیں ‘ کچھ اور نہیں ملتا ہے کہ ایک دوسرے سے لڑ کر ووٹ حاصل کرنا ان کے اور نہ کشمیر کے کسی کام آ رہے ہیں اور اس لئے نہیں آ رہے ہےں کہ کشمیر وہ واحد جگہ ہے ……. ملک کی وہ واحد جگہ جہاں کی سیاسی جماعتیں الیکشن سے پہلے جس جارحانہ موڈ میں ہو تی ہیں ‘ وہی جارحیت الیکشن کے دوران اور الیکشن کے بعد بھی ان میں ہوتی ہیں ……. دوسرے الفاظ ملک کی سیاسی جماعتیں جو رویہ الیکشن کے دوران اختیار کرتی ہیں ‘ ایک دوسرے کےخلاف کرتی ہیں ‘ کشمیر میں یہ رویہ……. جارحانہ رویہ اور مخاصمانہ رویہ پانچ کے پانچ سال جاری رہتا ہے …….اس میں کوئی نرمی نہیں آتی ہے ……. بالکل بھی نہیں آتی ہے اور اسی لئے کشمیر کی سیاسی جماعتیں ووٹ تو حاصل کرتی ہیں لیکن پھر ان کے اس ووٹ کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہو تی ہے……. بالکل بھی نہیں ہو تی ہے اور اللہ میاں کی قسم ہو نی بھی نہیں چاہئے ۔اور اس لئے بھی نہیں ہو نی چاہئے کہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے خود کو نہ بدلنے کی قسم کھائی ہے …….یہ ماضی سے کوئی سبق لینی میں دلچسپی رکھتی ہیں اور نہ انہیں ایسا کوئی شوق ہے ……. اس لئے یہ ماضی کی غلطیاں دہرا تی چلیں جا رہی ہیں …….بغیر کسی شرمندگی کے ‘انہیں اس کا کوئی افسوس ہورہا ہے اور نہ اس کا احساس ہے ۔نتیجہ آپ کے اور ہمارے سامنے ہے ……. بالکل واضح انداز میں سامنے ہے ……. یہ نتیجہ کہ ۲۰۲۴ میں لوگوں ……. کشمیر کے لوگوں نے ہول سیل میں ووٹ ڈالے‘ جس کسی کو بھی ڈالے اہم یہ نہیں ہے ‘ اہم یہ ہے کہ انہوں نے ووٹ دیا اور اپنے اس ووٹ کے ذریعے کشمیر کی سیاسی جماعتوں کو اپنا اعتماد بھی ……. لیکن کم بخت کشمیر کی یہ سیاسی جماعتیں ‘ بڑی بے شرم ہیں ‘ نکمی بھی کہ انہیں ان ووٹوں کی لاج رکھنی نہیں آئی ……. بالکل بھی نہیں آئی کہ کوئی ان سے کہہ دے ‘ کوئی انہیں سمجھا دے کہ جاؤ کچھ دنوں کیلئے لداخ جاؤ اور وہاں کے لوگوں ……. مٹھی بھر لوگوں سے سیکھو کہ کیسے اپنے مفادات اور اپنے حقوق کا تحفظ اور ان کی بحالی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔جاؤ……. جاؤنا ہمارا منہ کیا دیکھ رہے ہو۔ ہے نا؟




