ایجنسیاں
بھدرواہ/۴جولائی
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں کئی ہفتوں سے ایک گاؤں کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے تیندوے کو طویل تلاش اور نگرانی کے بعد ہفتہ کے روز زندہ پکڑ لیا گیا۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔
حکام کے مطابق محکمہ جنگلی حیات اور ٹیریٹوریل فارسٹ وِنگ کے اہلکاروں نے ضلع کے بھلرا گاؤں سے ایک مکمل بالغ نر تیندوے کو پکڑا، جس نے حال ہی میں ایک نوعمر لڑکے کو زخمی کیا تھا اور درجنوں پالتو جانوروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
کشتواڑ کے رینج آفیسر شفیع اقبال نے بتایا’’یہ تیندوا بھلرا گاؤں اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کے لیے خوف کی علامت بن چکا تھا۔ یہ علاقے گھنے جنگلات سے گھرے ہوئے ہیں۔ دیہاتیوں کی اطلاع پر ہماری ٹیموں نے علاقے کا سروے کیا، جال بچھایا اور ہفتہ کی علی الصبح بغیر بے ہوشی کی دوا استعمال کیے تیندوے کو کامیابی سے پکڑ لیا‘‘۔
اقبال نے بتایا کہ تیندوے کو طبی معائنے کے لیے محفوظ طریقے سے کشتواڑ وائلڈ لائف ریسکیو اینڈ ٹراما سینٹر منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں طبی جانچ کے بعد اسے دوبارہ اس کے قدرتی مسکن میں چھوڑ دیا جائے گا۔
گاؤں کے رہائشیوں، خصوصاً طلبہ اور بھیڑ بکریاں چرانے والے افراد نے کہا کہ اس خطرناک جانور کی گرفتاری سے انہیں بڑی راحت ملی ہے، کیونکہ گزشتہ ہفتے اس نے بھیڑوں، بکریوں اور کتوں سمیت درجنوں پالتو جانوروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
بھلرا کی۲۰ سالہ رہائشی کاجل نے کہا’’گزشتہ ہفتے تیندوے کے خوف کی وجہ سے ہم کالج نہیں جا سکے تھے، کیونکہ اس نے ہمارے گاؤں کے ایک طالب علم پر اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ اسکول جا رہا تھا۔ ہمیں قریب ترین سڑک تک پہنچنے کے لیے گھنے جنگل سے گزرنا پڑتا ہے‘‘۔
موصوفہ نے کہا’’اب جبکہ تیندوے کو پکڑ لیا گیا ہے، ہم دوبارہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔ ہم محکمہ جنگلی حیات اور محکمہ جنگلات کے فوری اقدام پر ان کے شکر گزار ہیں‘‘۔
دریں اثنا محکمہ جنگلات کے حکام نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر جنگلی جانوروں کے قدرتی مسکن میں داخل نہ ہوں تاکہ انسان اور جنگلی حیات کے درمیان تصادم سے بچا جا سکے۔
بھدرواہ فارسٹ ڈویژن کے نیرو رینج کے رینج آفیسر سمیر ریشو نے کہا’’جنگلاتی علاقوں میں انسانی مداخلت بڑھنے کے باعث جنگلی جانوروں کے قدرتی مسکن مسلسل سکڑ رہے ہیں، جس سے خوراک کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔ اسی وجہ سے خصوصاً تیندوے اور ریچھ خوراک کی تلاش میں انسانی آبادیوں کا رخ کرنے لگے ہیں اور حالیہ برسوں میں ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے‘‘۔
ریشو نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں جنگلی جانور نظر آئے تو اس کا تعاقب کرنے یا ویڈیو بنانے کے بجائے فوری طور پر محکمہ جنگلات یا محکمہ جنگلی حیات کو اطلاع دیں۔










