پنٹاگون//
امریکی سی آئی اے کے سربراہ کا کہنا ہےکہ روسی صدر کی بیماری کے حوالے سے ان کے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی آئی اے کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے پاس روسی صدر کی خراب صحت یا بیماری کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا سمیت غیر ملکی میڈیا میں یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ 70 سالہ روسی صدر پیوٹن کی صحت خراب ہے اور وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔
تاہم ڈائریکٹر سی آئی اے ولیم برنس نے کہا کہ پیوٹن کی بیماری کے کوئی شواہد نہیں، وہ بظاہر بہت صحت مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیوٹن کی صحت کو لے کر بہت سی افواہیں ہیں لیکن اب تک کی اطلاعات کو لے کر ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ کافی صحت مند ہیں البتہ یہ باضابطہ کوئی انٹیلی جنس اطلاعات نہیں ہیں۔سی آئی اے ڈائریکٹر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے یوکرین کو مزید طویل فاصلے پر مار کرنے والے ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل روسی وزیر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ روسی فورسز کا فوکس صرف مشرقی یوکرین پر نہیں ہے، مغرب کی جانب سے یوکرین کو ہتھیار دینے کے بعد ماسکو نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے۔