نئی دہلی// اندین انٹارکٹک بل۔ 2022 پر جمعرات کو لوک سبھا میں بحث ہونی تھی، لیکن اپوزیشن کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایوان نے متفقہ طور پر اگلے دن اس پر بحث کرنے پر اتفاق کیا۔ جس کے بعد ایوان کی کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی کردی گئی۔
دوپہر کے کھانے کے وقفے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کہا کہ انڈین انٹارکٹک بل 2022 بہت اہم ہے ، اس لیے مناسب ہوگا کہ اپوزیشن کے ساتھ بحث کے بعد اسے پاس کیا جائے ۔ انہوں نے پریزائیڈنگ آفیسر پر زور دیا کہ چونکہ اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ ایوان میں موجود نہیں ہے اس لیے بل پر آج بحث نہ کی جائے
پریزائیڈنگ آفیسر بھرتھری مہتاب نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ اپوزیشن کے بغیر کوئی بل منظور ہو، اس لیے اگر ایوان متفق ہو جائے تو بل کو اگلے دن بحث کے لیے لایا جائے ۔ انہوں نے ایوان کی رضامندی سے بل پر بحث نہیں کروائی اور ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نشی کانت دوبے نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بل منظور ہونے سے پہلے اس پر بحث کی جائے ، اس لیے اسے اگلے دن کے لیے درج کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم بل ہے اس لیے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو اس پر بحث میں حصہ لینا چاہیے ۔
اس سے قبل جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی مہنگائی پر بحث کرانے کے مطالبے کے سلسلے میں کانگریس اور کچھ دیگر اپوزیشن جماعتوں کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کارروائی آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کر دی گئی۔