نئی دہلی، 16 مئی (یو این آئی) مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے نیٹ-یو جی 2026 امتحان کے بایولوجی کے سوالات لیک ہونے کے معاملے میں ملوث ایک اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کیا ہے۔
سی بی آئی کے ایک افسر نے ہفتہ کو یہ معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ سی بی آئی نے گہرائی سے پوچھ گچھ کے بعد ایک اور اہم ملزمہ، پونے (مہاراشٹر) کی سینئربوٹنی کی ٹیچر منیشا گروناتھ مندھارے کو دہلی میں گرفتار کر لیا ہے۔ وہ نیٹ-یو جی 2026 امتحان کے عمل میں شامل تھیں اور انہیں نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے بطور ماہر مقرر کیا تھا۔ افسر نے بتایا کہ ان کے پاس بوٹنی اور زولوجی کے سوالناموں تک مکمل رسائی تھی۔ گزشتہ اپریل کے دوران انہوں نے پونے ہی کی منیشا واگھمارے کے ذریعے ممکنہ نیٹ امیدواروں کو اکٹھا کیا اور پونے میں اپنی رہائش گاہ پر طلبہ کے لیے خصوصی کوچنگ کلاسز کا انعقاد کیا۔ منیشا کو دو دن پہلے 14 مئی کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ان کلاسوں کے دوران انہوں نے بوٹنی اور زولوجی کے کئی سوالات کو سمجھایا اور افشا کیا، ساتھ ہی طلبہ سے انہیں اپنی کاپیوں میں لکھنے اور درسی کتابوں میں نشان زد کرنے کو کہا۔ خبر ہے کہ ان میں سے بیشتر سوالات 3 مئی کو منعقد ہونے والے اصل نیٹ-یو جی 2026 امتحان کے سوالنامے سے ملتے جلتے تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، سی بی آئی نے ملک بھر میں چھ مقامات پر تلاشی لی اور کئی قابل اعتراض دستاویزات، لیپ ٹاپ، بینک اسٹیٹمنٹ اور موبائل فون ضبط کیے ہیں۔ ضبط شدہ مواد کا تفصیلی تجزیہ فی الحال جاری ہے۔
وزارت تعلیم کے تحت اعلیٰ تعلیم کے محکمے نے نیٹ-یو جی 2026 امتحان میں پیپر لیک کے سلسلے میں درج تحریری شکایت کی بنیاد پر سی بی آئی نے 12 مئی کو مقدمہ درج کیا تھا۔ اس کے فوراً بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور ملک بھر میں کئی مقامات پر تلاشی لی گئی۔ اس دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس معاملے میں اب تک دہلی، جے پور، گروگرام، ناسک، پونے اور اہلیہ نگر سے نو ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے پانچ ملزمان کو پہلے ہی عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے اور تفصیلی پوچھ گچھ کے لیے انہیں سات دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
جمعہ کو گرفتار کیے گئے دو دیگر ملزمان کو پونے کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا اور ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد انہیں دہلی لایا گیا۔ اب انہیں دہلی کی ایک عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
اب تک کی جانے والی جانچ میں مبینہ طور پر کیمسٹری (کیمیا) اور بائیولوجی پیپر لیک کے اصل ماخذ کا پتہ چلا ہے۔ ساتھ ہی ان بچولیوں کا بھی انکشاف ہوا ہے جو ان طلبہ کو اکٹھا کرنے میں ملوث تھے جنہوں نے مبینہ طور پر ان خصوصی کوچنگ کلاسوں میں شرکت کے لیے لاکھوں روپے دیے تھے جہاں نیٹ-یو جی 2026 امتحان میں آنے والے ممکنہ سوالات لکھوائے گئے اور ان پر بحث کی گئی تھی۔










