بیجنگ، 14 مئی (یواین آئی) ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں آبنائے ہرمز کو عالمی توانائی ترسیل کے لیے کھلا رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ توانائی کی آزادانہ اور محفوظ ترسیل یقینی بنانے کے لیے آبنائے ہرمز کھلی رہنی چاہیے۔
دوسری جانب چینی سرکاری ٹی وی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی نئی سمت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ تعمیری اور اسٹریٹجک طور پر مستحکم تعلقات قائم کریں گے۔
شی جن پنگ کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات کی نئی سمت آئندہ تین برسوں اور اس سے آگے بھی اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرے گی۔
چینی صدر نے کہا کہ تجارت، زراعت، صحت، سیاحت اور قانون نافذ کرنے والے شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ تائیوان کے مسئلے کو انتہائی احتیاط کے ساتھ سنبھالا جائے۔
چینی میڈیا کے مطابق دونوں صدور نے مشرقِ وسطیٰ، یوکرین اور شمالی کوریا سمیت مختلف عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان تجارت، تائیوان، توانائی اور عالمی سلامتی جیسے معاملات پر کشیدگی برقرار ہے، تاہم دونوں ممالک بیک وقت تعاون کے دروازے بھی کھلے رکھنا چاہتے ہیں۔








