نئی دہلی، 08 مئی (یو این آئی) ریلوے سے وابستہ جرائم کے معاملے میں قومی راجدھانی دہلی سال 2024 میں سرفہرست رہی ہے۔
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی حالیہ رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں دہلی میں گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے مطابق جرائم کی شرح سب سے زیادہ رہی۔ یہاں فی ایک لاکھ آبادی پر 24.3 کیسز درج کیے گئے۔
این سی آر بی کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ قومی راجدھانی میں 2024 میں جی آر پی نے 5,315 معاملات درج کیے، جو کہ 2023 کے 5,176 اور 2022 کے 3,243 معاملات سے زیادہ ہیں۔
ملک کی بڑی ریاستوں میں اس معاملے میں مہاراشٹر پہلے نمبر پر رہا، جہاں جی آر پی نے 2024 میں 20,519 معاملات درج کیے۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش میں 12,931 اور گجرات میں 8,220 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
جرائم کی شرح کے لحاظ سے بھی دہلی اول رہی جہاں یہ شرح 24.3 فیصد رہی۔ اس فہرست میں کیرالہ 19.5 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ مہاراشٹر میں یہ شرح 16.1 فیصد اور مدھیہ پردیش میں 14.7 فیصد رہی۔
سال 2024 میں پورے ہندوستان میں جی آر پی نے مجموعی طور پر 83,699 مقدمات درج کیے، جو کہ سال 2023 میں درج کیے گئے کل 83,877 مقدمات سے تھوڑے کم ہیں۔










