جموں؍۲۰؍ اپریل
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز ضلع ادھم پور میں پیش آئے سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعلیٰ نے حادثے کے متاثرین کیلئے امداد کا بھی اعلان کیا ہے ۔
ایل جی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ متاثرین کو فوری ریلیف اور ضروری تعاون فراہم کیا جائے۔
حادثے میں کم از کم۲۱؍افراد ہلاک جبکہ۲۹ دیگر زخمی ہوئے جب ایک مسافر بس صبح کے وقت پہاڑی سے نیچے جا گری۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا’’ادھم پور میں پیش آنے والا یہ المناک سڑک حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت۔ اللہ انہیں صبر عطا کرے۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ اور محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
عمرعبداللہ نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا’’حکومت اس دکھ کی گھڑی میں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی اس حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ادھم پور-رام نگر بس حادثہ نہایت افسوسناک ہے۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتی ہوں‘‘۔
ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ادھم پور سڑک حادثے کے متاثرین کے لیے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے فوری امداد کا اعلان بھی کیا۔
ہر جاں بحق فرد کے لواحقین کو۲ لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو۲۵ ہزار روپے ایکس گریشیا کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی مالی امداد اس المناک حادثے میں ہونے والے جانی نقصان کا ازالہ نہیں کر سکتی، تاہم متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے لیے یہ اقدام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ایجنسیز










