سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گانگو علاقے میں اتوار کے روز جنگجوؤں کے حملے میں جان بحق ہونے والے سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی میت پر پیر کی صبح یہاں ہمہامہ میں پھول مالائیں چڑھا کر انہیں شاندار خراج پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سی آر پی ایف کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش رہے گی اس واردات کے ملوثین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
بتادیں کہ پلوامہ کے گانگو علاقے میں اتوار کے روز مشتبہ جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر برسر موقع ہی از جان ہوا تھا۔
متوفی اے ایس آئی کی شناخت ونود کمار کے بطور ہوئی تھی جو سی آر پی ایف کی۱۸۲ویںبٹالین سے وابستہ تھے ۔
اگرچہ انہیں علاج علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے ۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس واقعے کی شدید مذمت اور متوفی اے ایس آئی کو خرج پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’میں اپنے فرض کے لئے بہادری کا مظاہرہ کرنے اور عظیم قربانی پیش کرنے والے سی آر پی ایف کے اے ایس آئی ونود کمار کو سلام پیش کرتا ہوں‘‘۔
سنہا نے ٹویٹ میں کہا’’میں سوگوار خاندان کی خدمت کی تعزیت پیش کرتا ہوں اور پلوامہ میں ناکہ پارٹی پر ہونے والے اس حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتا ہوں‘‘۔
ایل جی کا مزید کہنا تھا’’ہمارے سیکورٹی فورسز اس حملے کے مرتکبین کو موثر جواب دیں گے ۔‘‘