نئی دہلی// ہندوستانی ریلوے نے آج 18 سے 23 جولائی تک چلنے والے آزادی کے امرت مہوتسو میں آئیکونک ویک پروگرام کا آغاز کیا، جس کے تحت 75 ریلوے اسٹیشنوں کو سوتنترتا اسٹیشن اور 27 مسافر ٹرینوں کو اسپاٹ لائٹ ٹرینوں کے طور پر سجایا جائے گا۔
ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ونے کمار ترپاٹھی نے ریل بھون میں ایک تقریب میں اس پروگرام کی شروعات کی ۔ اس موقع پر مختلف زونز کے جنرل منیجرز اور ڈویژنل ریلوے منیجرز کو ویڈیو لنک کے ذریعہ جوڑا گیا۔ ریلوے بورڈ کے ملازمین کی ثقافتی پیشکش کے بعد ریلوے بورڈ کے چیئرمین مسٹر ترپاٹھی اور بورڈ کے سکریٹری آر این سنگھ نے تقریب سے خطاب کیا۔
مسٹر ترپاٹھی نے کہا کہ آزادی کے 75 سال اور ہندوستان کے لوگوں کی شاندار تاریخ، ثقافت اور کامیابیوں کو منانے کے لیے 12 مارچ 2021 سے آزادی کا امرت مہوتسو منایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت جدوجہد آزادی، فکر، عمل، کامیابی اور قرارداد کے موضوع کے ساتھ مختلف پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے امرت مہوتسو کے ایک حصے کے طور پر، اس ہفتہ آئیکونک ویک پروگرام میں آزادی کی ٹرین اور اسٹیشن کا اہتمام کیا جائے گا جو عوامی شرکت اور عوامی تحریک کے جذبے کے ساتھ آزادی کی جدوجہد اور مستقبل کے ہندوستان کی امنگوں کے اتحاد کو دکھائے گا۔ یہ پروگرام 23 جولائی کو ایک شاندار پروگرام کے ذریعے اختتام پذیر ہوگا۔