بلاوایو// زمبابوے اور نیدرلینڈ اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی۔ 20 ورلڈ کپ میں آخری دو ٹیمیں ہوں گی۔ ان دونوں نے بلاوایو میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ کر اپنی جگہیں پکی کر لی ہیں۔ 2016 کے بعد یہ پہلا اور مجموعی طور پر چھٹا موقع ہے جب زمبابوے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہنچی ہے، جب کہ ہالینڈ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں داخل ہونے کا یہ پانچواں موقع ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔
زمبابوے نے سیمی فائنل میں پاپوا نیو گنی کو 27 رنز سے شکست دے دی۔ زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاپوا نیو گنی کو 200 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ پاپوا نیو گنی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز ہی بنا سکی۔
اس کے ساتھ ہی دوسرے سیمی فائنل میں ہالینڈ کی ٹیم نے امریکہ کو سات وکٹوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 138 رنز بنا سکی جسے ہالینڈ کی ٹیم نے ایک اوور باقی رہ کر صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اب دونوں ٹیمیں رواں سال اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں کھیلیں گی جہاں دیگر ٹیمیں آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویسٹ انڈیز، نامیبیا، سری لنکا اور یو اے ای ہیں۔ پہلے راؤنڈ سے ٹاپ دو ٹیمیں ٹورنامنٹ کے مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔