لزبن،5 مارچ (یواین آئی )ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ سڈنی سوینی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کرسٹیانو رونالڈو کی بہت بڑی مداح ہیں۔ ‘یوفوریا’ اور ‘دی وائٹ لوٹس’ جیسی مشہور سیریز سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی امریکی اداکارہ نے پرتگال کے کلب ‘اسپورٹنگ سی پی’ کے دورے کے دوران فٹ بال سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رونالڈو کی لگن، نظم و ضبط اور انتھک محنت انہیں بہت متاثر کرتی ہے۔لزبن کے جوز الوالاڈے اسٹیڈیم کے دورے کے دوران سڈنی سوینی نے اسپورٹنگ سی پی اور ایسٹورل کے درمیان میچ دیکھا، جس میں ہوم ٹیم نے 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا”کرسٹیانو رونالڈو میرے پسندیدہ فٹ بالر ہیں۔ ۔یاد رہے کہ اسپورٹنگ سی پی وہی کلب ہے جہاں سے رونالڈو نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں سڈنی سوینی کو پچ پر فٹ بال کے ساتھ مہارت دکھاتے اور کلب کے میسکٹ ‘جوباس’ کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ سڈنی سوینی نے کئی بار اطالوی کلب ‘انٹر میلان’ کی حمایت کی ہے، لیکن امریکی فٹ بال میں وہ ‘فلاڈیلفیا ایگلز’ کی کٹر پرستار ہیں۔ فٹ بال کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ وہ رونالڈو کے نقشِ قدم پر چلنا پسند کریں گی کیونکہ وہ خود بھی زندگی میں جیت کا جذبہ رکھتی ہیں۔دوسری جانب، پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اس وقت ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں اور توقع ہے کہ وہ صحت یابی کے لیے اگلے دو سے چار ہفتوں تک میدان سے باہر رہیں گے۔






