واشنگٹن//
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابقہ اہلیہ ایوانا ٹرمپ 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر کی پہلی اہلیہ ایوانا کی موت جمعرات کے روز نیویار ک میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں ہوئی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق 73 سالہ ایوانا کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز امریکی وقت کے مطابق دوپہر 12:30بجے ایمرجنسی سروس حکام کو ایوانا کے دل کے دورے کی اطلاع دی گئی تاہم جب ریسکیو ٹیم ان کی رہائش گاہ پہنچی تو ان کی موت ہوگئی۔واضح رہے کہ خاندانی ذرائع سے ان کی موت کی وجہ کی تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مجھے ان تمام لوگوں کو بتاتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے جو ان سے پیار کرتے تھے کہ ایوانا ٹرمپ کا نیویارک میں اپنے گھر میں انتقال ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایوانا سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی بیوی تھیں، دونوں نے 1977 میں شادی کی جن سے ان کے 3 بچے ہوئے۔
تاہم بعد ازاں 1992 میں ایوانا نے ڈونلڈ ٹرمپ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔