چنئی، 27 فروری (یو این آئی) ہندوستان نے جمعرات کے روز چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں اپنے دوسرے سپر 8 میچ میں زمبابوے پر 72 رن کی زبردست جیت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کو مضبوط کیا ہے۔
دفاعی چیمپئن ٹیم نے ٹاپ چھ بلے بازوں کی مشترکہ کارکردگی کی بدولت مضبوط مجموعہ اسکور بنایا، جس میں ابھیشیک شرما اور ہاردک پانڈیا کی نصف سنچریاں جبکہ ایشان کشن، تلک ورما اور سوریہ کمار یادو کی اہم شراکت شامل تھی۔ اس کے بعد ارشدیپ سنگھ نے تین وکٹیں لے کر زمبابوے کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، اگرچہ اوپنر برائن بینیٹ نے ناٹ آوٹ 97 رن کا اسکور بنایا۔
تلک ورما، جنہیں گزشتہ پانچ اننگز میں ون ڈاؤن پوزیشن پر روانی کے فقدان کے بعد نمبر چھ پر نئی ذمہ داری دی گئی تھی، نے میچ کے بعد 16 گیندوں پر ناٹ آوٹ 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے دوران اپنے انداز پر بات کی۔ جیو ہاٹ اسٹار سے گفتگو میں انہوں نے کہا:“میں اپنی بیٹنگ کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہا تھا، صرف بنیادی باتوں پر توجہ دے رہا تھا۔ میں اپنے کمرے میں رہا اور خاندان اور ایک دوست کے سوا کسی سے بات نہیں کی۔ میں نے اپنی پرانی ویڈیوز دیکھیں کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ یہ صرف ایک اچھی اننگز کی بات ہے۔ مجھے یقین تھا کہ اعتماد اور فارم واپس آ جائے گی۔ میں نے اپنے گھر والوں سے بھی کہا تھا کہ اگر ایک اچھی اننگز کھیل لی تو پھر ٹیم کے لیے میچ جتاؤں گا۔”
ہندوستانی بیٹنگ آرڈر میں لچک اور ڈریسنگ روم کے ذہنی رجحان پر بات کرتے ہوئے تلک نے کہا:“میچ سے پہلے ہاردک بھائی، سوریہ بھائی اور دیگر بلے بازوں نے طے کیا تھا کہ ہم ٹیم کی ضرورت اور میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلیں گے۔ بیٹنگ پوزیشن پر کوئی خاص بحث نہیں ہوئی۔ ہم سب لچکدار ہیں اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کر سکتے ہیں۔ ہر کھلاڑی کو خود کو بے خوف ہو کر اظہار کرنے اور کریز پر بہترین فیصلہ کرنے کی آزادی ہے۔ مقصد یہی تھا کہ چہرے پر مسکراہٹ رہے اور کھیل سے لطف اٹھایا جائے۔ زیادہ سے زیادہ آپ آؤٹ ہو سکتے ہیں، لیکن گیند بازوں کی آنکھوں میں خوف نظر آنا چاہیے کہ ہم ہر گیند کو مارنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم اسی ذہنیت کے ساتھ کھیلے۔”






