الریاض //
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے حجاج کرام کی حفاظت کے حوالے سے مملکت کی دلچسپی اور کاوشوں کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال حجاج کی تعداد دس لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں سعودی فرمانروا نے مزید کہا ’’کہ مملکت کی طرف سے (کرونا) وبائی مرض کا مقابلہ کرنے میں حاصل کی گئی شاندار کامیابی کے نتیجے میں ہم نے اس سال کے سیزن کے لیے اندرون و بیرون ملک سے آنے والے عازمین کی تعداد کو بڑھا کر 10 لاکھ تک پہنچا دی، جبکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے حجاج کی حفاظت کو یقینی بنایا اور ان کی صحت کا خیال رکھا گیا۔‘‘
انہوں نےکہا ’’کہ صحت کی غیر معمولی صورتحال نے پوری دنیا کو متاثر کیا، ہم حجاج کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔حج کو کامیاب بنانے کے لیے مُملکت میں تمام شعبوں میں کارکنوں کی جانب سے کی جانے والی زبردست کوششوں پران کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘‘
شاہ سلمان نے کہا کہ جو کچھ کیا ہے اور جو کچھ وہ کر رہے ہیں اس کے لیے ان کا شکریہ ہے۔ یہ ہمارے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ ہمارے ملک کو حرمین شریفین کی خدمت کا شرف حاصل ہے۔ حج بیت اللہ کے لیے آنے والے دنیا بھر کے مسلمان ہمارے مہمان ہیں۔ ان کی حفاظت اور سلامتی ہماری ذمہ داری ہے۔
سعودی حکام نے 10 لاکھ مسلمانوں کو اس شرط پر حج کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا کہ بہ شرطیکہ وہ کرونا کی ویکسین کا کورس مکمل کریں۔ اس بار بیرون ملک سے ساڑھے آٹھ لاکھ مسلمان فریضہ حج کی ادائی کے لیے آئے۔ گذشتہ دو سال کے دوران حج محدود ہو کر رہ گیا تھا اور وبا کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک سے حجاج حج کے لیے نہیں آ سکے۔
سعودی عرب کی حکومت نے کرونا وبا کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے اور ان اقدامات کی کامیابی کے باعث رواں سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمانوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع ملا۔
سنہ 2019 میں حج کی ادائیگی میں دنیا بھر سے تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے شرکت کی تھی اور یہ تاریخ میں عازمین حج کی تعداد کے اعتبار سے ایک ریکارڈ تھا۔