نئی دہلی، 31 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں سات مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دینے کے بعد سوشل میڈیا پر ٹیم انڈیا کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہندوستان کے عظیم کرکٹ کھلاڑی سچن تندولکر نے کہا، ’’شاندار جیت!‘‘ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا، ’’بہت خوب جیمی اور ہرمن، آپ دونوں نے آگے بڑھ کر ٹیم کی قیادت کی۔ شری چرنی اور دیپتی نے گیند کے ساتھ میچ میں گرفت بنا کر رکھی۔ تِرنگا ہمیشہ بلند لہراتا رہے۔‘‘
ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے اپنے پیغام میں کہا، ’’آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف ہماری ٹیم کی کیا زبردست جیت رہی۔ لڑکیوں نے شاندار تعاقب کیا اور جیمِما نے اتنے بڑے میچ میں لاجواب کارکردگی دکھائی۔ یہ واقعی ہمت، یقین اور جنون کا بہترین مظاہرہ تھا۔ بہت خوب ٹیم انڈیا۔‘‘
مردوں کی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے بھی سوشل میڈیا پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، ’’ آپ سب نے شاندار کھیل پیش کیا۔‘‘
روہت شرما نے سیمی فائنل کے فوراً بعد انسٹاگرام پر جیمِما روڈریگز اور اَمن جوت کور کی جشن مناتی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’شاباش ٹیم انڈیا!‘‘۔
خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان متھالی راج نے اپنے پیغام میں کہا، ’’ایسی ہی راتیں یاد دلاتی ہیں کہ آپ یہ کھیل کیوں کھیلتے ہیں۔ جیت کے لیے یقین، جذبہ اور بھوک— یہ تینوں چیزیں آج ایک ساتھ نظر آئیں۔ ٹیم انڈیا کو آسٹریلیا کے خلاف اس اعلیٰ درجے کی کارکردگی اور ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنانے پر دل سے مبارکباد۔‘‘
سورَبھ گانگولی نے کہا، ’’لڑکیوں کا کمال کا کام! پچھلے پانچ برسوں میں یہ ٹیم کتنی مضبوط بن گئی ہے۔ اب ایک اور قدم باقی ہے، زبردست۔‘‘
جنوبی افریقہ کے سابق اسٹار اے بی ڈی ویلیئرز نے بھی ہندوستانی خواتین ٹیم کی کھل کر تعریف کی اور خوشی ظاہر کی کہ فائنل مقابلہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔









