سرینگر//
سرینگر کے پائین شہر کے گندر پورہ صفا کدل علاقے میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے پیر کے روز پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
مظاہرین کے مطابق سخت گرمی کے باوجود بھی گندر پورہ صفا کدل کا علاقہ پچھلے کئی دنوں سے پانی سے محروم ہے جس وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔
یواین آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق پائین شہر کے گندر پورہ صفا کدل علاقے کے لوگوں نے پیر کے روز سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔انہوں نے بتایاکہ مرد وزن‘بچے اور بوڑھوں نے صورہ قمر واری شاہراہ پر دھرنا دیا جس وجہ سے اس شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی۔
مظاہرین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ سخت گرمی کے باوجود بھی گندر پورہ صفا کدل کا علاقہ پینے کے پانی سے محروم ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے کئی دنوں سے علاقے کے لوگوں کو پانی سے محروم رکھا گیا ہے جس وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ ٹیوب ویل کا نا صاف پانی پینے پر مجبو رہو گئے ہیں اور حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔
مظاہرین نے مزید بتایا کہ متعلقہ حکام کو بھی اس بارے میں آگاہی فراہم کی لیکن اُن کی اس جائز مانگ کی طرف کوئی توجہ مبذول نہیں کی جارہی ہیں۔ مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے فوری اصلاح کا مطالبہ کیا۔