واشنگٹن، 23 اکتوبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی منسوخی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں یہ ملاقات نا مناسب لگی۔
اوول آفس میں نیٹو سیکریٹری جنرل کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کرنا انھیں مناسب نہیں لگا، اس لیے ملاقات منسوخ کردی۔
انھوں نے کہا آج روس کی دو بڑی تیل کمپنیوں پر پابندیاں لگائیں اور یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ ہم آئندہ کیا کرنے جا رہے ہیں، روس یوکرین جنگ بائیڈن دورمیں شروع ہوئی جسے روکنے کی کوشش کر رہا ہوں، امید ہے پابندیاں پوتن کو معقول رویہ اختیار کرنے پر مجبور کریں گی۔
ٹرمپ نے کہا جب بھی پوتن سے بات ہوئی ہے اچھی ہوتی ہے ، مگر کسی نتیجے تک نہیں پہنچتی، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ روس پر پابندیاں لگانے کا یہ صحیح وقت ہے اور امید ہے روسی تیل پر عائد پابندیاں زیادہ عرصے تک برقرار رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین کو روس میں لانگ رینج میزائل کی اجازت دینے کی خبر غلط ہے ، یوکرین امریکہ کے نہیں یورپی میزائل روس کے خلاف استعمال کر رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ میں ہر ہفتے ہزاروں اموات ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جنوبی کوریا کے دورے کے دوران اپنے سب سے بڑے معاشی حریف چینی صدر سے بھی طے شدہ ملاقات کریں گے ۔










