یوکوہاما (جاپان)، 13 اکتوبر (یو این آئی) دو بار کی ایشیائی چمپئن ہندوستان کی جوشنا چنپا نے پیر کو ایک بار پھرنمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصر کی حیا علی کو شکست دے کر جاپان اوپن 2025 اسکواش ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز کا خطاب جیت لیا۔
آج یہاں کھیلے گئے میچ میں 39 سالہ ہندوستانی اسکواش کھلاڑی نے تیسری سیڈ اور عالمی نمبر 53 مصر کی حیا علی کو 11-5، 11-9، 6-11، 11-8 سے شکست دے کر پی ایس اے چیلنجر ٹورنامنٹ میں اپنی شاندارمہم کا اختتام کیا۔ یہ ان کے کیریئر کا 11 واں پی ایس اے ٹائٹل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جوشنا چنپا کی حیا علی سے یہ دوسری ملاقات تھی۔ اس سے قبل دونوں اسکواش کھلاڑی اس سال برمودا اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں آمنے سامنے تھیں۔ جوشنا یہ میچ 11-8، 10-12، 5-11، 11-9، 11-8 سے ہارگیئں تھیں۔
سابق عالمی نمبر 10 اسکواش کھلاڑی جوشنا ہانگزو میں 2023 کے ایشین گیمز کے بعد گھٹنے کی سرجری کے بعد شاندار واپسی کر رہی ہیں۔ وہ ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی خواتین ٹیم کا بھی حصہ تھیں۔
اس سال کے شروع میں، جوشنا نے نوجوان اسٹار اناہت سنگھ کے ساتھ جون میں ایشیائی چیمپئن شپ میں خواتین کا ڈبلز ٹائٹل جیتا تھا۔ وہ انڈین اوپن کے سیمی فائنل میں بھی پہنچی، جہاں وہ اناہت سے ہار گئی اور اناہت چیمپئن بن گئیں۔







