اگرتلا، 29 ستمبر (یو این آئی) تریپورہ شمال مشرقی ہندوستان میں ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر تیزی سے ابھرا ہے اور ریاست میں پچھلے دو سال میں گھریلو اور بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔
ریاست کے وزیر سیاحت سُشانت چودھری نے پیر کے روز انڈیا ٹورزم ڈیٹا کومپیڈیئم 2025 کے حوالے سے یہ معلومات فراہم کیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں ریاست میں 6,01,000 گھریلو سیاح آئے ، جو 2023 میں 3,66,000 کی بہ نسبت 64.07 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے ۔ غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں بھی 36.15 فیصد قابل ذکر اضافہ ہوا، جس میں 2024 میں 91,000 سیاح آئے ، جبکہ پچھلے سال یہ تعداد 67,000 تھی۔
وزیر موصوف نے کہا، "شمال مشرقی ریاستوں میں غیر ملکی سیاحوں کو متوجہ کرنے کے معاملے میں سکم کے بعد تریپورہ دوسرے نمبر پر ہے اور یہ اضافہ ہماری حکومت کی طرف سے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور مشہور مقامات پر سہولیات بڑھانے کے مسلسل اقدامات کا نتیجہ ہے ۔”
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سیاحوں کے تجربات کو بہتر بنانے اور آمدنی بڑھانے کے لیے سیاحتی رہائش گاہوں کی تجدید کاری کر رہی ہے ۔ یہ تازہ ترین اعداد و شمارشمال مشرقی سیاحت میں تریپوہ کی بڑھتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں، جو نئے اقتصادی مواقع اور عالمی سطح پر ثقافتی تبادلے کا راستہ ہموار کر رہی ہے ۔








