نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ ایک بار پھر بلیک کیپس کے سیٹ اپ کا حصہ بن گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق 53 سالہ گیری اسٹیڈ کو ہائی پرفارمنس ٹیم میں بطور کوچنگ ایڈیشن شامل کیا گیا ہے، جہاں وہ کھلاڑیوں اور کوچز کی معاونت کے ساتھ ساتھ ہائی پرفارمنس پروگرامز کی بھی معاونت کریں گے۔
اس بارے میں چیف ہائی پرفارمنس آفیسر ڈیرل گبسن نے کہا کہ گیری کا کرکٹ میں وسیع تجربہ اور ان کا جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اب بھی ملک میں کھیل کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ گزشتہ 30 برسوں سے میرے دل کے قریب رہی ہے اور کھیل میں اپنی خدمات جاری رکھنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میں اب بھی کوچنگ اور دوسروں کو بہتر بنانے کے جذبے سے سرشار ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کے باہر بھی مواقع حاصل کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ نئی مہارتیں سیکھ کر انہیں واپس نیوزی لینڈ کے کرکٹ ماحول میں لا سکیں۔







