مڈگاؤں، 4 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی سینئر مردوں کی فٹ بال ٹیم اے ایف سی ایشیا کپ 2027 فائنل راؤنڈ کوالیفائر میں 14 اکتوبر کو مڈگاؤ میں واقع پنڈت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں سنگاپور کے خلاف میدان میں اترے گی۔
ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان ڈبل لیگ مقابلہ 9 اکتوبر کو سنگاپور کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جس کے بعد پانچ دن بعد گوا میں ریٹرن لیگ ہوگا۔
اکتوبر کے میچ ہندوستان کے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ ہندوستانی ٹیم فی الحال اپنے ابتدائی دو میچوں میں صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ گروپ سی میں سب سے نیچے ہے۔
ٹیم پر اے ایف سی ایشیا کپ سعودی عرب 2027 کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے مضبوط کارکردگی دکھانے کا دباؤ ہے۔
گوا میں ہندوستان کا فٹ بال کا سفر ملا جلا رہا ہے۔ یہ ریاست میں کھیلا جانے والا 17 واں سینئر مردوں کا بین الاقوامی میچ ہوگا۔ 2017 ایشیائی کپ کوالیفائر میں میانمار نے ہندوستان کو 2-2 سے برابری پر روکھا تھا۔ بلیو ٹائیگرز اس سے قبل گوا میں سنگاپور کا سامنا کر چکے ہیں۔ ریاست میں ہندوستان کا ریکارڈ پانچ جیت، پانچ ڈرا اور چھ شکست کا ہے۔
سنگاپور کے میچوں کے بعد، ہندوستان 18 نومبر کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گا اور 31 مارچ 2026 کو گھریلو میدان پر ہانگ کانگ کی میزبانی کرے گا۔ گروپ سی سے صرف ٹاپ ٹیم ہی سعودی عرب میں ہونے والے اے ایف سی ایشیا کپ 2027 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرے گی۔







