لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے سری نگر میں بدھانجلی ریسرچ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بین الاقوامی بدھ پیس ایوارڈز اور بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر ایوارڈز کے ایوارڈ یافتگان کو اعزاز سے نوازا۔
اس تقریب میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت ‘رام داس اٹھاوالے نے بھی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے تمام ایوارڈ یافتگان کو دلی مبارکباد پیش کی اور معاشرے میں ان کے اہم تعاون کو سراہا۔
سنہا نے کہا’’ایوارڈ یافتگان میں سے ہر ایک کا تعاون سب کے لیے تحریک کا باعث ہے۔ وہ ہمت ، ہم آہنگی ، امن ، بے لوث خدمت ، قوم پرستی کا مجسمہ ہیں اور وہ ہندوستان کے تصور کی نمائندگی کرتے ہیں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مہاتما بدھ اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی عظیم اقدار اور نظریات کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کریں اور لگن اور عقیدت کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے اور امن و ہم آہنگی کی اقدار کو پھیلاتے ہوئے قوم کی تعمیر میں اپنا قیمتی تعاون دیں۔
ایل جی نے کہا’’زندگی گزارنے کا سب سے بڑا فن وہ ہے جس میں دوسروں کی فلاح و بہبود شامل ہو۔ ہمیں معاشرے کو یہ پیغام دینا ہے کہ سماجی اقدار ، جیسے بے لوث خدمت ، کو صرف اخلاقیات کی راہ پر قائم رہ کر ہی محفوظ رکھا جا سکتا ہے‘‘۔
سنہا نے مزید کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری بھی ہے کہ معاشرے کو اپنے بھرپور ثقافتی ورثے پر فخر کرنے کی ترغیب دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ عزت مآب وزیر اعظم ‘نریندر مودی کی قیادت میں ایک خواہش مند ہندوستان وکشت بھارت بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خود کفالت کے ساتھ ساتھ ہمارے ملک میں ایک نیا خود اعتمادی بھی پیدا ہوئی ہے اور ہم ترقی یافتہ ہندوستان کے اپنے ہدف پر مرکوز ہیں۔
سنہا نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے لیے امید ہے اور یہ انسانیت کو خوشحال اور خوشگوار مستقبل کا راستہ دکھا سکتا ہے۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں حالیہ قدرتی آفات میں جان گنوانے والے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے حکومت ہند اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایل جی نے یہ بھی کہا کہ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کی ترقی اور احترام ہمارا مقصد ہے اور یہ یقینی بنانا ہمارا عزم ہے کہ نوجوانوں اور خواتین کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کیلئے بااختیار بنایا جائے










