جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا نے منگل سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔
جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے نوجوان تیز گیندباز کوینا مافاکا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ مافاکا نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی-20 سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی اور سب سے زیادہ 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کی بدولت انہیں 17 رکنی ون ڈے ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ فارم میں چل رہے بلے باز ڈیوالڈ بریوس کا ون ڈے ٹیم میں ڈیبیو تقریباً یقینی ہے۔
کپتان ٹیمبا باووما نے نوجوان کھلاڑیوں کے شامل کیے جانے پر کہا:“جب آپ نئے چہروں کو دیکھتے ہیں تو یہ ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے۔ ظاہر ہے کہ بریوس پر سب کی سب سے زیادہ توجہ ہے، وہ اپنی صلاحیت دکھا رہے ہیں اور یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ کیا کچھ کرنے کے قابل ہیں۔ میں پرجوش ہوں کہ وہ ون ڈے میں کیا کمال دکھا سکتے ہیں۔”
دوسری جانب آسٹریلیا نے تجربہ کار بلے باز مارنس لبوشین کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا ہے، جنہیں حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیریبین ٹیسٹ سیریز سے باہر کر دیا گیا تھا۔ مچل مارش کو باقاعدہ کپتان پیٹ کمنز کی جگہ قیادت سونپی گئی ہے۔ مارش نے ٹی-20 سیریز میں آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ پر 2-1 کی کامیابی دلائی تھی اور اب 50 اوور کے فارمیٹ میں بھی اسی کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔
مارش نے کہا:“میدان پر ساڑھے تین گھنٹے گزارنے کے لیے تیار رہنا کچھ کھلاڑیوں کے لیے الگ ہو سکتا ہے۔ لیکن ایک ٹیم کے طور پر اور مجموعی طور پر کچھ زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ ذہنیت میں معمولی تبدیلی ہے کیونکہ یہ ایک مختلف فارمیٹ ہے، مگر باقی سب کچھ وہی ہے۔”تین میچوں کی یہ سیریز کا پہلا میچ منگل کو کیرنز میں کھیلا جائے گا، جبکہ باقی دو میچ میکی میں ہوں گے۔
آسٹریلوی ٹیم:
مچل مارش (کپتان)، زیویر بارٹلیٹ، الیکس کیری، کوپر کونو لی، بین ڈوآرشوئس، ناتھن ایلس، کیمرون گرین، ایرون ہارڈی، جوش ہیزل وڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، میتھیو کُنیمَن، مارنس لبوشین اور ایڈم زمپا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم:
ٹیمبا باووما (کپتان)، کوربن بوش، میتھیو بریٹزکے، ڈیوالڈ بریوس، ناندری برگر، ٹونی ڈی جورجی، ایڈن مارکرم، کوینا مافاکا، سینوران متھوسامی، کیشَو مہاراج، ویان ملڈر، لُنگی اینگِڈی، لُوان-ڈرے پریٹوریئس، کاگیسو ربادا، رائن رِکلٹن، ٹرسٹن اسٹبز اور پرینیلن سبریان۔







