سڈنی//آسٹریلیا نے اگلے ماہ ہندوستان کے دورے کے لیے سیم کونسٹاس، نیتھن میکسوینی اور اولیور پیک کو آسٹریلیا اے ٹیم میں شامل کیا ہے۔
آسٹریلیا اے ٹیم ستمبر میں لکھنؤ میں ہندوستان اے کے خلاف ریڈ بال کے چار روزہ میچز کھیلے گی۔ سلیکٹرز نے آسٹریلیا کے 2027ء کے ٹیسٹ دورۂ کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کانسٹوس، نیتھن میکسوینی اور اولیور پیک کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ اوپنر کیمپبیل کیلاوے کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ حال ہی میں سری لنکا اے کے خلاف آسٹریلیا اے سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے جیک ویڈرالڈ، جیسن سانگھا، کرٹس پیٹرسن، مارکس ہیریس، کیمرون بینکرافٹ اور میٹ رینشا کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
قومی سلیکٹرز نے یہ ٹیم واضح طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو ہندوستانی حالات سے روشناس کرانے کے طویل مدتی منصوبے کے تحت منتخب کی ہے، کیونکہ آسٹریلیا کو جنوری-فروری 2027 میں ہندوستان میں پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ اس وقت تک ممکن ہے کہ آسٹریلیا کی ٹاپ-6 بیٹنگ لائن اپ میں تبدیلی آ جائے، کیونکہ عثمان خواجہ کے کھیلنے کا امکان نہیں ہے اور اسٹیو اسمتھ بھی اُس وقت تک 38 سال کے ہو چکے ہوں گے۔ سال 2023ء میں ہندوستان میں چار ٹیسٹ میچوں میں 14 وکٹیں لینے والے آف اسپنر ٹاڈ مرفی کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے، جب کہ ایک اور آف اسپنر کوری راکی چیولی کو بھی موقع دیا گیا ہے۔
بائیں ہاتھ کے اسپن آل راؤنڈر کوپر کونوٖلی کو برصغیر میں قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ سیم بولنگ آل راؤنڈر ایرون ہارڈی، لیام اسکاٹ اور جیک ایڈورڈز کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ جیک پہلی مرتبہ آسٹریلیا اے کے لیے کھیلیں گے۔ مزید برآں، تیز گیند باز لانس مورس اور ژیویئر بارٹلیٹ کو بھی اس دورے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ جوش فلِپ کو چار روزہ میچوں کے لیے واحد وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، جب کہ جیک فریزر-میکگرک کو ایک روزہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کونوٖلی، مرفی، ہارڈی، ایڈورڈز اور اسکاٹ تین 50 اوورز کے میچوں کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے، جب کہ بارٹلیٹ، کیلاوے، کانسٹوس، میکسوینی، مورس، فلِپ اور راکی چیولی صرف لکھنؤ میں ہونے والے چار روزہ میچز کھیلیں گے اور 4 اکتوبر سے شروع ہونے والے شیفیلڈ شیلڈ کے پہلے راؤنڈ میں شرکت کرنے کے لئے آسٹریلیا لوٹ جائیں گے ۔








